سموسے، بریانی اور دوسرے فاسٹ فوڈز کے خلاف سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور وی لاگز کرنے کی وجہ سے موضوعِ بحث بننے والے ڈاکٹر عفان قیصر کا کہنا ہے کہ اس قسم کے مواد کے ذریعے انہوں نے عوام میں بہتر صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے کی کوشش کی، جس میں کافی حد تک کامیابی بھی حاصل ہوئی۔
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا لوگ اب کلوریز کاؤنٹنگ سے متعلق جاننے لگے ہیں۔
ڈاکٹر عفان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بنیادی طور پر صحافی ہیں اور 2008 سے مختلف اخبارات میں کالم لکھتے اور نیوز چینلز پر کام کرتے رہے ہیں۔
ان کے والد پروفیسر محمد قیصر سی ای ایم ایچ اور والدہ پروفیسر نسرین قیصر نشتر ہسپتا ل میں شعبہ میڈیسن کی ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ہیں، جبکہ انہوں نے خود 2013 میں ایم بی بی ایس مکمل کرنے کے بعد ایم آر سی پی ایس ( گلاسکو)، ایف سی پی ایس (گیسٹرو انٹرالوجی، ہیپاٹوجی)کی ڈگریاں بھی حاصل کیں۔
ڈاکٹر عفان قیصر اسلام آباد کے شفا انٹر نیشنل اور ہولی فیملی ہسپتال کے علاوہ گمس ہسپتال گمبٹ کے شعبہ جگر ٹرانسپلانٹ سے وابستہ رہ چکے ہیں۔
’جب میرے والد کا چین میں جگر ٹرانسپلانٹ کا آپریشن ہو رہا تھا تو میں نے تہیہ کر لیا تھا کہ میں پاکستان میں اس بیماری سے بچاؤ اور جگر ٹرانسپلانٹ کے حوالے سے اقدامات کروں گا۔
’مجھے پریکٹس کے دوران اندازہ ہوا کہ عوام کی اکثریت اپنے غیر مناسب طرز زندگی کی وجہ سے بیماریوں کا شکار ہو رہی ہے۔
’گمبٹ ہسپتال میں ٹرانسپلانٹ کے شعبے میں مریضوں کی ایک بڑی تعداد جگر پر چربی کی بیماریوں کے باعث پیوندکاری کی نوبت تک پہچتی تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس کی بڑی وجہ عوام کا غیر مناسب طرز زندگی اور جنک فوڈ کا استعمال ہے، جس کی وجہ سے انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی دینا شروع کی۔
’میری ویڈیوز کا مقصد صرف عوام کو آگاہی فراہم کرنا ہے، اس پر عمل کرنا یا نہ کرنا عوام کا اختیار ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کے کام پر تنقید سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ بڑی حد تک اپنے مقصد میں کامیاب ہوئے ہیں، اور تنقید ہر اچھے کام کے ساتھ جڑی ہوتی ہے۔
ڈاکٹر عفان قیصر کی اہلیہ ڈاکٹر نازش عفان نے کہا کہ ان کے شوہر عوام کو بہتر طرز زندگی کے لیے باتیں بتاتے ہیں، جو قابل عمل ہوتی ہیں اور بہت سارے لوگ ان پر عمل بھی کرتے ہیں۔
’ہم لوگوں کی پلیٹوں سے سموسے زبردستی نہیں اٹھا رہے اور نہ اٹھا سکتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ شادی سے پہلے وہ سوشل میڈیا کا استعمال نہیں کرتی تھیں لیکن اب ڈاکٹر عفان کے ساتھ ویڈیوز بناتی ہیں۔
’ہمارے گھر کھانے کا انتخاب میرا ہی ہوتا ہے ڈاکٹر صاحب کے مطابق کم مصالحہ اور تیل میں بنی اشیاء ہوتی ہیں، زیادہ تر سبزیاں بنتی ہیں، گوشت اور تکے بھی ہوتے ہیں لیکن وہ ایئر فرایئر میں بنائے جاتے ہیں۔‘