بھارت میں ڈاکٹروں نے آپریشن کرکے ایک سات سالہ بچے کے منہ میں موجود 500 سے زیادہ ’دانت‘ نکال دیے۔
چینئی سے تعلق رکھنے والے سات سالہ روندرناتھ کے جبڑے میں سوجن کی شکایت تھی جس پر والدین نے اسے سویتھا میڈیکل کالج میں دکھایا۔ والدین کو شک تھا کہ اسے منہ کا کینسر نہ ہو۔
ڈاکٹروں نے دریافت کیا کہ اس بچے کے جبڑے میں 200 گرام وزنی کچھ اضافی سٹرکچر تھا جسے سرجری کے ذریعے نکالنا ہی مسئلے کا حل تھا۔
سرجری کے بعد جب اس حصے کو نکالا گیا تو ایک ملی میٹر سے 15 ملی میٹر حجم تک کے 526 دانت نما ٹکڑے برآمد ہوئے۔ ہر دانت کی باہری شکل باقاعدہ عام انسانی دانتوں کی طرح روغن شدہ تھی اور ان کی جڑیں بھی پائی گئیں۔ ہسپتال میں موجود پتھالوجسٹس کے مطابق یہ دریافت ’ایسی ہی تھی کہ جیسے کسی سیپی میں موتی ہوں۔‘
سویتھا ڈینٹل کالج کے پروفیسر پی سینتھلناتھن نے بتایا: ’ہم نے اینستھیزیا دینے کے بعد جبڑے کا آپریشن کیا تو ہمیں معلوم ہوا کہ اس کے اندر ایک تھیلی سی موجود ہے۔ اس کا وزن 200 گرام کے آس پاس تھا۔ ہم نے اسے احتیاط سے علیحدہ کرلیا۔ اس میں مختلف سائز کے 526 دانت تھے۔‘
تین برس کی عمر میں بھی اس بچے کے ماں باپ اسے ہسپتال لے کر آئے تھے۔ اُس وقت بچے نے مختلف طبی مراحل سے گزرنے میں تکلیف محسوس کی تو معاملہ بغیر تشخیص کے ہی چھوڑ دیا گیا۔ موجودہ آپریشن کے بعد علم ہوا کہ یہ بیماری ’کمپاؤنڈ اوڈونٹم‘ کہلاتی ہے جو دراصل ایک بے ضرر رسولی ہوتی ہے۔
بچے کے باقی 21 دانت بخوبی محفوظ رہے اور یہ سرجری کسی فیس کے بغیر کی گئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ڈاکٹر پراتبھا رمانی جو اسی کالج کی ایک پروفیسر ہیں، کے مطابق اس کی ایک وجہ موروثی بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’موبائل فون ٹاورز کی تابکاری‘ بھی اس کی ایک ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے اور اس ممکنہ پہلو پر بھی تحقیق کی جا رہی ہے۔
بچے کے والد کا کہنا تھا: ’میں بہت خوش ہوں۔ میرا بیٹا اب ٹھیک ہے۔ وہ خوش ہو کر کھا پی سکتا ہے اور ایک نارمل زندگی گزار سکتا ہے۔‘
کالج ریکارڈز کے مطابق پہلی مرتبہ اتنے سارے دانت کسی انسان کے منہ میں پائے گئے ہیں۔
2014 میں ممبئی کے ڈاکٹروں نے ایک ایسا ہی سات گھنٹے طویل آپریشن کرکے 232 دانت ایک نوعمر کے منہ سے نکالے تھے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق بھارت ہی کے وجے کمار دنیا میں سب سے زیادہ دانتوں والے انسان کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ان کے منہ میں 37 مکمل دانت ہیں۔
اس رپورٹ میں ایجنسیز کی معاونت شامل ہے۔
© The Independent