پاکستان سٹیٹ بینک نے جمعرات کی شام ایک ٹویٹ کے ذریعے اطلاع دی ہے کہ ایک امریکی ڈالر کی شرحِ تبادلہ 255.43 روپے ہو گئی ہے، جو 9.61 فیصد کی گراوٹ ہے۔
گذشتہ روز یہی ریٹ 230.89 روپے تھا، جس کا مطلب ہے کہ ایک دن میں ڈالر کی قدر میں تقریباً 15 روپے کا اضافہ ہوا۔
ڈالر کی تاحال انٹربینک میں بلند ترین قدر 239.94 روپے 28 جولائی 2022 کو تھی۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/8oc0zHCyvM pic.twitter.com/eBX6rw3FIF
— SBP (@StateBank_Pak) January 26, 2023
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اوپن مارکیٹ میں ڈالر اور بھی مہنگا ہو گیا ہے اور وہاں ایک ڈالر کے عوض 262 روپے کا کاروبار ہو رہا ہے۔
’مارکیٹ میں افراتفری کی حالت‘
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای سی ای پی) کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ نے ڈالر کی قیمت میں یک لخت اضافے پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’آج ذرا افراتفری کی پوزیشن ہے، کیوں کہ کافی عرصے سے کیپ تھا تو یہ افراتفری آنی ہی تھی، لیکن دوچار دن میں اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں ڈالر اپنی جگہ پر آ جائے گا۔ ہو سکتا ہے کہ دو چار روپے کم ہو جائے لیکن اگر حکومت نے اپنی پالیسیاں نہ بدلیں تو پھر نہیں لگتا کہ ڈالر رکے گا۔‘انہوں نے کہا کہ ’کیپ ختم کرنے کی وجہ یہی تھی کہ اس وقت جو مارکیٹ میں دو تین مختلف ریٹ چل رہے ہیں وہ ختم ہوں، اور جو مصنوعی طلب تھی وہ بھی ختم ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ ہماری ترسیلاتِ زر میں بھی اضافہ ہو گا اور ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہو گا۔‘
گذشتہ سال ستمبر میں جب اسحاق ڈار نے بطور وزیر خزانہ ذمہ داریاں سنبھالیں تو آتے ہی اعلان کیا کہ وہ ڈالر کو دو سو روپے سے نیچے لے آئیں گے، مگر ایسا ہو نہیں سکا۔
سابق وزیر خزانہ سید سلمان شاہ نے ڈالر کی قدر میں اس اضافے کے معاملے پر انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ڈالر کی قیمت پر کیپ کے خاتمے کے فوراً بعد ڈالر کے نرخ میں مزید اضافہ ہو گا، تاہم ایک آدھ مہینے میں ڈالر مستحکم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فوری طور پر درآمدات کی غرض سے ایل سیز اور قرضوں کی مد میں ادائیگیاں کرنا ہیں، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر اور ڈالر پر دباؤ بڑھے گا۔ ’اس سے ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران بیروم ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات اور برآمدات کی مد میں اضافوں کے بعد ڈالر مستحکم ہو پائے گا۔
سلمان شاہ نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں استحکام سے اقتصادی رکاوٹیں دور ہوں گی۔
ایکسچینج کمپینز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے منگل کو ملک میں ڈالر ریٹ پر سے کیپ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
’گرافک چینچ کرنے کا شکریہ‘
سوشل میڈیا پر ڈالر کی نرخ میں اضافے پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ فرحان نامی ایک صارف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’اصل ریٹ تو کب سے ڈالر کا ڈھائی سو سے اوپر ہی چل رہا تھا ، آج ٹوئٹر پر گِرافک کو چینج کرنے کا شکریہ۔‘
انجینیئر اعجاز مسعود نامی ایک صارف کے مطابق، ’نہ ہماری دعائیں قبول ہوتی ہے اور پالیسی بنانے میں تو ہمارا کوئی ثانی نہیں... پتہ نہیں ملک کا کیا بنے گا۔‘