بہاولپور کے چولستان صحرا میں اٹھارویں جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے جو چھ سے 12 فروری تک جاری رہے گی۔
یہ چولستان جیپ ریلی کا 18واں سیزن ہے جس میں کل 119 گاڑیاں شامل ہیں۔
جمعے کو اس ریس کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوا جس میں مردوں کی 45 گاڑیوں نے حصہ لیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں خواتین کار ریسرز نے حصہ لیا۔
اس ریس کے تمام مراحل میں ڈرائیورز نے تقریباً 500 کلو میٹر کا ٹریک مکمل کرنا ہے۔
گاڑیوں کے اس میلے میں ریس دیکھنے کے لیے بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، لیاقت پور سمیت پورے ملک سے شائقین یہاں آتے ہیں اور اس میلے کا لطف اٹھاتے ہیں۔
شائقین کی رہائش کے لیے ٹی ڈی سی پی کی جانب سے ایک خیمہ بستی قائم کی گئی ہے جس میں رات گزارنے کے لیے کیمپ ایڈوانس بکنگ پر مہیا کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کھانے پینے اور روز مرہ کے استعمال کی اشیا کے لیے قریبی علاقوں سے آئے دکانداروں نے یہاں سٹال لگا رکھے ہیں جبکہ عارضی طور پر خواتین اور مرد دونوں کے لیے الگ الگ واش روم بھی مہیا کیے گئے ہیں۔
پاکستان کی ثقافتی پہچان میں چولستان روہی کا ایک بہت بڑا کردار ہے۔ روایتی انداز میں رقص، موسیقی اور پہناوے جنوبی پنجاب کی شہرت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
جیپ ریلی کے بہانے چولستان میں ہر سال کی طرح اس سال بھی میلہ سجا ہے جہاں شائقین ثقافت کے ان تمام رنگوں سے محظوظ ہو رہے ہیں۔
ریس میں شریک گاڑیوں کو ان کے ڈرائیورز نے نہایت کی خوبصورتی سے سجایا ہوا ہے۔ گاڑیوں کے رنگوں کا امتزاج، اپ لفٹنگ اور ٹائروں کے رم سمیت گاڑی میں لگی ہر چیز اپنی خوبصورتی کی مثال آپ ہے۔
گاڑی کے انٹیریئر میں بھی ریس کی مناسبت سے ڈرائیور کی سیفٹی اور ڈیزائن دونوں کو خاطر میں رکھا گیا ہے۔