سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے انڈی کی گوگلی میں انکشاف کیا کہ آل راؤنڈر محمد حفیظ کا نام ’چندا‘ بھی ہے۔
سابق کپتان محمد حفیظ اس بار پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
مشتاق احمد نے محمد حفیظ کے ساتھ گفتگو میں بتایا کہ لوگ سٹار آل راؤنڈر کو پروفیسر کے نام سے تو جانتے ہیں مگر ان کا ایک نام چندا بھی ہے۔
چندا کے نام پر محمد حفیظ نے بتایا کہ ’یہ نام میری والدہ نے رکھا تھا اور میرے خاندان والے مجھے آج بھی چندا کے نام سے پکارتے ہیں۔‘
’انڈی کی گوگلی‘ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ’جب کوئی چندا کے نام سے پکارتا ہے تو ماں کی یاد آتی ہے تو اس لیے اس نام سے کوئی پکارے تو اچھا لگتا ہے۔‘
محمد حفیظ نے پاکستان کے لیے ٹیسٹ، ایک روزہ میچوں اور ٹی 20 تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
انہوں نے مجموعی طور پر 392 میچوں میں پاکستان کے لیے 12 ہزار 780 رنز سکور کیے اور 253 وکٹیں حاصل کیں۔
محمد حفیظ نے بتایا کہ جب لاہور میں کلب کرکٹ کھیلتے تھے تو مین آف دی میچ بننے پر 10 روپے ملتے تھے۔ ہر بار میری کوشش ہوتی تھی کہ میں مین آف دی میچ بنوں اور اس کی وجہ وہ 10 روپے نہیں بلکہ باقیوں سے نمایاں ہونا اچھا محسوس کرتا تھا۔‘
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ جتنی کرکٹ کھیلی اس میں عزت اور وقار کو سب سے پہلے رکھا۔
انہوں نے کہا، ’میں نے اپنے کیریئر کے شروع میں ہی فیصلہ کر دیا تھا جتنا کھیلوں گا اس کا اثر ہونا چاہیے۔‘
محمد حفیظ کہنا تھا کہ کرکٹ میں بہتری آںے میں کلب کرکٹ کا سب سے بڑا کردار ہے۔
محمد حفیظ کو پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن میں کسی ٹیم کی جانب سے منتخب نہیں کیا گیا اور محمد حفیظ نے اس بار کمنٹری کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کوئٹہ میں ہونے والے نمائشی میچ میں انہوں نے کمنٹری کے کیرئیر کا آغاز کیا بھی۔
بعد ازاں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے طرف سے محمد حفیظ کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔