اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2023 کی منظوری دے دی

ایوان وزیراعظم سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ نے پیر کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے تمام فیصلوں کی توثیق کی، جن میں سال رواں کی حج پالیسی کی منظوری بھی شامل تھی۔

وفاقی کابینہ نے متعلقہ سرکاری حکام کو جلد از جلد ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت بھی کی (اے ایف پی)

پاکستان کی وفاقی کابینہ کے ایک اجلاس نے جمعے کو سالِ رواں کے لیے حج پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی 2023 کی منظوری کے بعد حکام کو پاکستانی حجاج کے سفر اور حج کے دوران ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی ممکن بنانے کی خاطر جلد از جلد موثر اور حکمت عملی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں متعلقہ حکومتی حکام کو اس سلسلے میں سعودی عرب کے اعلیٰ حکام کے تعاون سے ایسا کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس سے قبل پیر کو وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دوسری چیزوں کے علاوہ سال 2023 کے لیے حج پالیسی کی منظوری بھی دی تھی۔

وفاقی کابینہ نے جمعے کے اجلاس میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے پیر کے اجلاس میں لیے گئے تمام فیصلوں کی توثیق بھی کی۔

کابینہ کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ حکومت نے عازمین حج کو ’زیادہ سے زیادہ سہولتیں‘ فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پیر کو پاکستان کے مذہبی امور کے وزیر مفتی عبدالشکور اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی جس میں حج پالیسی 2023 پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آج حج پالیسی 2023 منظور کر لی ہے۔‘

وزارت مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر بٹ نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ای سی سی نے حج پالیسی 2023 کے مسودے کی آج منظوری دے دی ہے اور اسے کل (منگل) کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کابینہ کی منظوری کے بعد زیادہ امکان ہے کہ ہم کل حج پالیسی کا باضابطہ اعلان کر دیں گے۔‘

بعد میں شیئر کیے گئے ایک بیان میں وزارت خزانہ نے کہا کہ ای سی سی نے نو کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 179210 عازمین حج کو سرکاری اور نجی حج سکیموں کے درمیان 50، 50 فیصد کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ ’سرکاری اور نجی حج سکیموں میں سے ہر ایک کے لیے سپانسر شپ سکیم کے تحت 50 فیصد کا کوٹہ مختص کیا جائے گا۔‘

’سال 2023 کے لیے شمالی علاقوں کے لیے آزمائشی حج پیکج گیارہ لاکھ 75 ہزار اور جنوبی علاقوں کے لیے گیارہ لاکھ 65 ہزار پاکستانی روپے ہو گا۔‘

اس سے قبل سعودی عرب نے اعلان کیا تھا کہ اس نے پاکستان کے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کا کرونا وائرس کی وبا سے پہلے والا کوٹہ بحال کر دیا اور عمر کی بالائی حد 65 سال ختم کر دی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے حکام کے مطابق حکومت کو توقع ہے کہ 13 مارچ سے عازمین حج کی درخواستوں کی وصولی شروع ہو جائے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دیگر فیصلے

حج پالیسی 2023 کی منظوری کے علاوہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مندرجہ ذیل فیصلے بھی کیے گئے۔

٭وفاقی کابینہ نے وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی کی سفارش پر نیشنل کلین ایئر پالیسی کی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں گذشتہ برسوں میں فضائی آلودگی میں اضافہ انسانی عمر کی اوسط حد میں 2.7 سال کی کمی واقع ہوئی۔

٭وفاقی کابینہ کو پاور ڈویژن کی جانب سے توانائی بچت کے حوالے سے حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارتِ پاور، پیٹرولیم، وزارتِ صنعت و تجارت اور وازارتِ اطلاعات کابینہ کی طرف سے متعین کردہ اہداف پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں۔

٭وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر نیشنل اکاؤنٹیبلٹی  ترمیمی آرڈینیس 2023 (National Accountability Amendment Ordinance 2023) کی منظوری دی، جس کے تحت نیب عدالتوں کے دائرہ کار میں نہ آنے والے مقدمات کو دوسری عدالتوں میں منتقل کیا جا سکے گا۔

٭وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز(Cabinet Committee on Legislative Cases)کے 6 مارچ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی  بھی توثیق کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان