امریکہ میں ایک خاندان نے نامعلوم ’نگہبان‘ کی جانب سے مسلسل بھیجے جانے والے ڈراؤنے خطوط موصول ہونے کے بعد اپنا ’آسیب زدہ‘ مکان چار لاکھ ڈالرز نقصان میں فروخت کر دیا۔
ماریہ اور ڈیریک بروڈس نے 2014 میں نیو جرسی کے مہنگے علاقے ویسٹ فیلڈ میں یہ مکان 14 لاکھ ڈالرز میں خریدا تھا۔
تاہم اس مکان میں منتقل ہونے سے پہلے اس جوڑے نے اس کی تزئین و آرائش کا فیصلہ کیا اور یہ ہی وہ وقت تھا جب انہیں مکان کی رکھوالی کرنے والے نامعلوم شخص کی جانب سے پہلا خط موصول ہوا۔
پہلے خط میں نامعلوم شخص نے خود کو اس مکان کا محافظ بتاتے ہوئے ان کو نئے محلے میں خوش آمدید کہا۔
خط میں تحریر تھا: ’657 بولیوارڈ (مکان کا نمبر) دہائیوں سے میرے خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور اب اس کی 110ویں سالگرہ قریب ہے۔ میں اس مکان کا نگہبان ہوں اور نئے آنے والوں کا منتظر ہوں۔‘
مزید تحریر تھا: ’میرے دادا 1920 سے اس مکان کی نگرانی کرتے رہے ہیں اور پھر میرے والد 1960 کی دہائی سے یہاں موجود تھے۔ اب یہ میری ذمہ داری ہے۔ کیا آپ اس مکان کی تاریخ کے بارے میں کچھ جانتے ہیں؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ 657 بولیوارڈ کی دیواروں میں کیا پوشیدہ ہے۔ آپ یہاں کیوں ہیں۔ میں یہ جان لوں گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جیسے جیسے تزئین و آرائش کا کام جاری رہا، اس خاندان کو مسلسل نامعلوم نگہبان کی جانب سے ایک کے بعد ایک خط موصول ہوتے رہے۔
بعد میں موصول ہونے والے خطوط میں اس خاندان کے بچوں کے بارے میں بات کی جانے لگی۔ ’جوان خون‘ جیسی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے نامعلوم شخص نے ڈھکی چھپی دھمکیوں کا سلسلہ شروع کر دیا تھا جن میں کہا گیا کہ کیا نئے مالک مکان جانتے ہیں کہ اس گھر کی دیواروں کے پیچھے کیا ہے؟
ایک اور بھیجے گئے خط میں لکھا تھا: ’کیا نیا خون (بچے) اس گھر کے تہہ خانے میں کھیلنے آئیں گے؟ کیا وہ وہاں تنہا جانے میں خوف محسوس کریں گے؟ اگر میں ان کی جگہ ہوتا تو میں بہت خوفزدہ ہوتا۔ یہ جگہ باقی مکان سے کافی دور ہے۔ اگر آپ گھر کے بالائی حصے میں ہوں گے تو آپ کبھی ان کی چیخیں نہیں سن پائیں گے۔‘
ان ڈراؤنے خطوط اور اس چھپن چھپائی کی زحمت سے بچنے کے لیے اس خاندان نے 2015 میں ’آسیب زدہ‘ مکان کے پرانے مالکان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی کوشش بھی کی تھی، تاہم یہ مقدمہ 2017 میں خارج کر دیا گیا۔
نجی تحقیق کار اور ہوم سکیورٹی کا نظام بھی اس مکان کے نامعلوم نگہبان کو تلاش کرنے میں ناکام رہے اور یہ کیس حل طلب ہی رہا۔
یہ خاندان کبھی اس مکان میں منتقل نہ ہو پایا اور بالآخر پانچ برسوں بعد انہوں نے رواں سال یکم جولائی کو اسے 959،360 ڈالرز میں فروخت کر دیا۔
اس آسیب زدہ مکان کی حقیقی کہانی نے پورے ملک کی توجہ حاصل کرلی تھی اور اس کی شہرت کے باعث نیٹ فلکس نے اسے اپنے ڈراؤنے پروجیکٹ کے لیے بولی میں خرید لیا۔
© The Independent