’ کھلونوں کی طرح بکھری گاڑیاں‘:امریکہ میں شدید طوفان سے 21 اموات

طوفانوں کے باعث بچ جانے والے کچھ افراد کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نکلے تو دیکھا کہ عمارتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، گاڑیاں کھلونوں کی طرح بکھری پڑی ہیں، شیشے ٹوٹے ہوئے اور درخت گرے پڑے ہیں۔

امریکی حکام نے ہفتے کو بتایا ہے کہ جنوب وسطی اور مشرقی علاقوں میں تباہ کن طوفانوں اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی ہے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی میں ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان نے موسم کی وجہ سے سات اموات کی تصدیق کی ہے۔

اس کے علاوہ جنوب میں ریاست آرکنساس، مسیسپی اور الاباما اور مڈ ویسٹ میں انڈیانا اور الینوائے میں 14 اموات بھی شامل ہیں۔

ہفتے کو اس طوفانی سسٹم کے اثرات امریکہ کے مشرقی ساحل پر آنا شروع ہوگئے تھے اور اتوار کی رات تک گرج چمک، ژالہ باری اور انتہائی تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

امریکی ریاست آرکنساس کی گورنر نے بتایا کہ جمعے کو متعدد بگولے، جن میں کچھ کافی زیادہ بڑے تھے، دارالحکومت لٹل راک سمیت پوری ریاست سے گزرے۔ اس امریکی ریاست میں کم از کم پانچ اموات ہوئیں۔

دن چڑھنے کے بعد بڑے پیمانے پر نقصان کا پتہ چلا، کئی گھر ٹوٹ گئے، کاریں الٹ گئیں، بجلی کی لائنیں گر گئیں اور درخت زمین سے اکھڑ گئے۔

گورنر سارہ ہکابی سینڈرز نے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے بحالی کی کوششوں میں مدد کے لیے نیشنل گارڈ کو متحرک کر دیا ہے۔

سارہ ہکابی سینڈرز نے کہا کہ انہوں نے صدر جو بائیڈن سے بات کی ہے جنہوں نے وفاقی امداد میں تیزی لانے کا وعدہ کیا ہے۔

نیشنل ویدر سروس نے شمالی ریاست آئیووا سے لے کر جنوبی ریاست مسیسپی تک کئی دیگر ریاستوں کے لیے بھی طوفان کی وارننگ جاری کی تھی، جہاں گذشتہ ہفتے طوفان سے 25 اموات ہوئیں اور املاک کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

شکاگو سے باہر الینوائے کے قصبے بیلویڈیئر میں شدید موسم کی وجہ سے اپولو تھیٹر کی چھت اور اس کا کچھ حصہ اس وقت منہدم ہو گیا، جب اندر سٹیج پر ہیوی میٹل بینڈ بج رہا تھا۔

بیلویڈیئر کے فائرچیف شان شیڈل نے ایک شخص کی موت اور 28 زخمیوں کی اطلاع دی ہے، جن میں سے پانچ افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

الینوائے ایمرجنسی مینجمنٹ کے ترجمان کیون سور نے بتایا کہ جنوبی الینوائے کی کرافورڈ کاؤنٹی میں ایک مکان منہدم ہونے سے تین افراد کی موت واقع ہوئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکی میڈیا نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ریاست انڈیانا میں الینوائے کی سرحد پر واقع سلیوان کاؤنٹی میں طوفان کے نتیجے میں تین افراد جان سے چلے گئے۔

حکام نے ہفتے کو بتایا کہ رات گئے آنے والے طوفانوں سے ریاست مسیسپی کی پونٹوٹوک کاؤنٹی اور الاباما کی میڈیسن کاؤنٹی میں ایک، ایک شخص کی موت ہوئی۔

پاور آؤٹیج ویب سائٹ کے مطابق ہفتے کو چھ لاکھ 10 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم رہے۔

طوفان کے شمال مشرق کی جانب بڑھنے کے بعد ہفتے کی سہ پہر سب سے زیادہ بجلی کی بندش اوہائیو اور پنسلوانیا کی ریاستوں میں ہوئی۔

وسطی بحر اوقیانوس کی کئی ریاستوں کو تیز ہواؤں کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

نیشنل ویدر سسٹم نے خبردار کیا ہے کہ آج ایپلاچنز، بالائی اوہائیو ویلی اور وسط اوقیانوس کے بیشتر علاقوں میں زیادہ سے زیادہ ہوائیں 60 میل (100 کلومیٹر) فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔

طوفان امریکہ میں عام ہیں، بالخصوص ملک کے وسط اور جنوب میں یہ آتے رہتے ہیں۔ دسمبر 2021 میں کینٹکی میں طوفان سے تقریباً 80 اموات ہوئی تھیں۔

’ٹوٹی عمارتیں، کھلونوں کی طرح بکھری گاڑیاں‘: عینی شاہدین نے کیا دیکھا

خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق طوفانوں کے باعث بچ جانے والے کچھ افراد کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نکلے تو دیکھا کہ عمارتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، گاڑیاں کھلونوں کی طرح بکھری پڑی ہیں، شیشے ٹوٹے ہوئے اور درخت گرے پڑے ہیں۔

88 سالہ جے ڈبلیو سپینسر نے اس سے قبل کبھی طوفان کا سامنا نہیں کیا، لیکن جب انہوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ ٹی وی پر دیکھا کہ ایک طوفان ان کے شہر کے قریب ہے، تو انہوں نے ہوا کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے اپنے گھر میں سامنے والی کھڑکی اور عقبی دروازہ کھول دیا۔ جوڑے نے باتھ روم کے ٹب میں چھپ کر خود کو رضائی اور کمبل سے ڈھانپ لیا۔

سپینسر نے ہفتے کو بتایا: ’اس طوفان میں ہم بس زندہ بچ گئے، ہم نے چیزیں گرنے کی آوازیں سنی، زور دار آوازیں اور پھر خاموشی ہوگئی۔‘

سپینسر نے کہا، ’جہاں تک جسمانی حصے کا تعلق ہے، ہم اس سے بچ گئے۔‘

آٹھ ہزار رہائشیوں کی کمیونٹی میں بہت سے بڑے درخت گر گئے۔ خاص طور پر ہائی سکول کے قریب متعدد گھروں کو نقصان پہنچا۔

امریکی ریاست الینوائے کے شہر بیلویڈیئر کے ایک تھیٹر کے قریب جہاں طوفان کے نتیجے میں ایک شخص کی موت اور 40 افراد زخمی ہوئے تھے، رہائشی راس پوٹر نے بتایا: ’وہ (ایمبولینسوں میں ڈال کر) لے گئے، مجھے یہ بھی یاد نہیں کہ کتنے لوگ تھے۔‘

شمال مشرقی ریاست آرکنساس کی کاؤنٹی وائن میں، ایک ڈرائیور نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے اپنے گھر میں اپنی بلیوں کے ساتھ طوفان کو گزارا۔

انہوں نے ایک خطرہ مول لیا اور شیشے سے ڈھکے ہوئے سن روم میں پناہ لی۔

امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر کوونگٹن سے بلی میڈ جونیئر نے بتایا کہ انہوں نے ایک طوفان کو گزرتے ہوئے دیکھا۔ جس کے بعد اولے پڑے اور اندھیرا چھا گیا۔

انہوں نے کہا: ’آپ بگولہ دیکھ سکتے تھے۔ بارش ایک چادر کی طرح تھی۔ آپ بارش کو مشکل سے دیکھ بھی نہیں سکتے تھے، بہت اندھیرا تھا۔ لیکن آپ دیکھ سکتے تھے کہ یہ بگولہ گزر رہا ہے۔‘

بلی میڈ جونیئر نے کہا: ’میں جس علاقے میں ہوں، وہاں سب ٹھیک ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے کچھ ہوا ہی نہیں، لیکن جیسے ہی آپ ادھر ادھر جاتے ہیں تو تباہی نظر آتی ہے۔ ہر جگہ بجلی کی تاریں گری پڑی ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ