پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور سکاٹ لینڈ کے پہلے پاکستانی نژاد فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف سے ملاقات میں انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کے درمیان لندن میں ملاقات ہوئی۔
حمزہ یوسف کے ساتھ ملاقات کے بعد لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے حمزہ یوسف کے ساتھ نتیجہ خیز گفتگو کی، جو ایک ’نوجوان اور توانا شخص‘ ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ تقریباً 80 ہزار پاکستانی تارکین وطن سکاٹ لینڈ کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد لندن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے کہا کہ ’مجھے سکاٹ لینڈ کا فرسٹ منسٹر بننے والا پہلا سکاٹش پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔ میں پاکستان کی سرزمین کا بیٹا ہوں۔‘
First Minister @HumzaYousaf met @CMShehbaz the Prime Minister of Pakistan in London. They discussed how Scotland and Pakistan's close bonds can be strengthened with greater economic co-operation, furthering education ties and working together on the challenges of climate change. pic.twitter.com/kF1CK93gz0
— First Minister (@ScotGovFM) May 7, 2023
حمزہ یوسف نے ان کے انتخاب پر مبارک باد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’مجھے میرے والد کے آبائی شہر میاں چنوں اور والدہ کے شہر فیصل آباد سے اور پاکستان بھر سے پیغامات موصول ہوئے۔‘
حمزہ یوسف نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے اور وہ ضرور اور جلد وہ جلد اپنے والدین کے آبائی ملک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف سے وعدہ کیا ہے کہ میں آؤں گا لیکن ہم نے ابھی کوئی تاریخ طے نہیں کی۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دورے کے دوران اپنے والد کے شہر میاں چنوں اور والدہ کے شہر فیصل آباد بھی جائیں گے۔
حمزہ یوسف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ان کی ذاتی خواہش بھی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان میں موجودہ سیاسی حالات کے حوالے پوچھے گیے سوال پر حمزہ یوسف کا کہنا تھا کہ ’یہ ان کا (پاکستان) ذاتی معاملہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی سیاست پاکستان کے عوام کے لیے ہے اور سکاٹ لینڈ کی سیاست سکاٹ لینڈ کے لوگوں کے لیے ہے۔ ہم نے صرف حکومتی امور پر بات کی۔‘
وزیراعظم پاکستان سے بات چیک سے متعلق سکاٹ لینڈ فرسٹ منسٹر نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
حمزہ یوسف کا کہنا تھا کہ ’ہم نے تعلیم کے شعبے پر بھی بات کی ہے۔ سکاٹ لینڈ آنے والے پاکستان طلبہ کی تعداد میں 155 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ تو کوشش کریں گے کہ کس طرح اس تعداد کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔‘
حمزہ یوسف سکاٹش نیشنل پارٹی کی قیادت کرتے ہیں اور انہیں مارچ میں سکاٹش پارلیمنٹ نے حکومت کی سربراہی کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ وہ پہلے پاکستانی برطانوی شہری ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز اس ہفتے شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے لندن میں موجود ہیں۔