دو پاکستانی خواتین نے دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی سر کرلی

الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق نائلہ کیانی اور نادیہ آزاد نے کچھ گھنٹوں کے فرق سے ماؤنٹ لوٹسے کو سر کیا۔

 نائلہ کیانی (دائیں) اور نادیہ آزاد (بائیں) نے 16 مئی 2023 کو دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ لوٹسے کو کامیابی سے سر کیا (تصویر: نائلہ کیانی آفیشل فیس بک پیج/ الپائن کلب آف پاکستان)

پاکستانی کوہ پیماؤں نائلہ کیانی اور نادیہ آزاد نے منگل کو دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ لوٹسے کو کامیابی سے سر کرلیا۔

الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق نائلہ کیانی اور نادیہ آزاد نے کچھ گھنٹوں کے فرق سے یہ کامیابی انجام دی۔

الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری کرار حیدری نے منگل کو سب سے پہلے نائلہ کیانی کی اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں بتایا کہ ’وہ ماؤنٹ لوٹسے کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون اور آٹھ ہزار میٹر سے بلند چھ چوٹیوں کو سر کرنے والی ملک کی تیز ترین خاتون بن گئی ہیں۔‘

مزید کہا گیا کہ ’وہ اور پاسانگ تیمبا شیرپا صبح آٹھ بجکر 13 منٹ پر ماؤنٹ لوٹسے کی چوٹی پر پہنچے۔‘

بعدازاں پاکستانی نژاد برطانوی شہری نادیہ آزاد کے بھی ماؤنٹ لوٹسے سر کرنے کی خبر سامنے آئی۔

الپائن کلب کے سیکریٹری کرار حیدری نے بتایا کہ ’نادیہ آزاد اور پیمبا چی شیرپا منگل کو صبح 11 بجے ماؤنٹ لوٹسے کی چوٹی پر پہنچے۔‘

ماؤنٹ لوٹسے نیپال اور چین کے تبتی خطے کی سرحد پر ہمالیہ کے سلسلے میں واقع ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نائلہ کیانی اور نادیہ اعجاز نے 14 مئی کو دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا اور آج (16 مئی کو) انہوں نے ماؤنٹ لوٹسے کو سر کیا ہے۔

نائلہ کیانی کے پاس آٹھ ہزار 91 میٹر سطح سمندر سے بلند انا پورنا چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز بھی ہے۔

انہوں نے 2021 میں آٹھ ہزار 35 فٹ اونچائی والی گیشربرم دوئم کی چوٹی بھی سر کی تھی اور جولائی 2022 میں آٹھ ہزار 68 میٹر بلند  گیشر برم اول اور کے ٹو کو بھی سر کیا تھا۔ 

دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کرنے والی وہ دوسری پاکستانی خاتون ہیں کیونکہ اس سے قبل ثمینہ بیگ پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما کا یہ اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ 

نائلہ دبئی میں مقیم پاکستانی بینکر اور دو بیٹیوں کی والدہ ہیں۔ وہ منظر عام پر تب آئیں جب 2018 میں کے ٹو بیس کیمپ میں ان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ 

کوہ پیمائی کے علاوہ وہ باکسنگ کا بھی شوق رکھتی ہیں۔ 

الپائن کلب کے مطابق نادیہ آزاد اس سیزن میں پاکستان کی آٹھ ہزار میٹر کی پانچوں چوٹیوں کو سر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین