سٹار فٹ بالر لیونل میسی نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ وہ فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) چھوڑنے کے بعد میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس) کی ٹیم انٹر میامی کے ساتھ معاہدہ کر رہے ہیں۔
میسی کے اس اعلان سے ان کی بارسلونا میں دوبارہ شمولیت یا سعودی عرب میں کھیلنے کے لیے بلاک بسٹر معاہدوں کی افواہوں نے دم توڑ دیا ہے اور میسی نے امریکہ کو اپنی اگلی منزل کے طور پر منتخب کیا ہے۔
ارجنٹائن کے فارورڈ 35 سالہ میسی نے 2021 میں بارسلونا سے راہیں جدا کر لی تھیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کا بیشتر حصہ گزارا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے گذشتہ دو سیزن پیرس سینٹ جرمین کے لیے کھیلے اور ہفتے کو فرانسیسی کلب کے لیے اپنا آخری میچ کھیل کر اسے بھی الوداع کہہ دیا۔
ایم ایل ایس اور انٹر میامی نے سوشل میڈیا پر اس خبر کی تصدیق کی حالانکہ امریکن لیگ کے مطابق ’باقاعدہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ابھی بھی کافی کام باقی ہے۔‘
میسی نے ہسپانوی اخبار کو بتایا کہ ’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں میامی جا رہا ہوں، میرا میامی کے ساتھ معاہدہ 100 فیصد طے نہیں پایا یا شاید ابھی کچھ کرنا باقی ہے لیکن میں نے وہاں اپنا سفر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات طے ہے کہ میں یورپ چھوڑ رہا ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اور بارسا (بارسلونا) میں شمولیت نہ کرنے کے بعد، اب وقت آگیا ہے کہ ایم ایل ایس کے ساتھ اپنے فٹ بال کے سفر کو مختلف انداز میں شروع کروں اور اپنی روزمرہ کی زندگی سے زیادہ لطف اندوز ہوں۔‘
میسی کے بقول: ’ظاہر ہے اسی ذمہ داری اور جیتنے کی خواہش کے ساتھ مزید اچھی طرح سے کام کرنے کی کوشش ہو گی لیکن یہ (میامی کے ساتھ سفر) زیادہ پرسکون ہو گا۔‘
سات بار بیلون ڈی اور جیتنے والے سٹار فٹ بالر میسی سے امید کی جاتی ہے کہ دسمبر 2022 میں قطر میں ارجنٹائن کو ورلڈ کپ ٹرافی دلانے کے بعد ایک بار پھر فرنچائز فٹ بال میں وہ بہتر انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
فٹ بال کی تاریخ کے بہترین کھلاڑی سمجھے جانے والے میسی کی پی ایس جی سے رخصتی کے بعد فٹ بال کی دنیا بے صبری سے ان کے اگلے پڑاؤ کے فیصلے کا انتظار کر رہی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بارسلونا کی واپسی کی رومانس بھری امید اور سعودی عرب میں چکا چوند کر دینے والی دولت کو پس پشت ڈالتے ہوئے میسی نے امریکی کلب میں شامل ہونے کا انتخاب کیا۔
وہ اب ایسے شہر کی نمائندگی کریں گے جہاں دھوپ سے چمکتے ہوئے ساحلوں پر وہ چھٹیاں گزار چکے ہیں۔
انہوں نے کہا: ’مجھے بہت زیادہ پیسوں کی پیش کش تھی اور سچ یہ ہے کہ میرا فیصلہ پیسے کے لیے نہیں بلکہ میرا فیصلہ اس سے برعکس تھا۔‘
انگلینڈ کے سابق بین الاقوامی سٹار ڈیوڈ بیکھم انٹر میامی کے شریک مالک ہیں۔
اس کلب کو 2018 میں قائم کیا گیا تھا جس نے گذشتہ ہفتے ایسٹرن کانفرنس میں ناکام رہنے پر کوچ فل نیویل کو برطرف کر دیا تھا۔
کچھ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایم ایل ایس کے اہم سپانسرز بشمول سپورٹس ویئر برانڈ ایڈیڈاس اور ایپل ٹی وی، جو لیگ کے داخلی نشریاتی حقوق کے مالک بھی ہیں، اس کے معاہدے میں حصہ ڈال رہے ہیں۔