امریکی جیلوں میں قید تنہائی اپنی افادیت کھو رہی ہے: تحقیق

تعلیمی اور دیگر ذرائع کے تخمینے بتاتے ہیں کہ کسی بھی دن امریکہ میں قید تنہائی میں دسیوں ہزار قیدی ہوتے ہیں، اس تحریر میں اس کی تاریخ اور اخراجات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

جیل کے باہر کھڑے ایک سکیورٹی اہلکار کی یہ تصویر 21 مارچ 2013 کو لی گئی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

قید تنہائی ایک قیدی کو کم سے کم انسانی رابطے اور باہر تک محدود رسائی کے ساتھ پارکنگ کی جگہ کے سائز کے سیل یا کمرے میں اکیلے رکھنے کو کہتے ہیں۔

پولیس افسران قیدیوں کو مختلف وجوہات کی بنا پر جیل کی عام آبادی سے الگ قید تنہائی میں رکھتے ہیں۔

دا جرنلسٹس ریسورس نامی ویب سائٹ کے مطابق امریکہ میں اگرچہ قید تنہائی کے بارے میں کوئی مرکزی گنتی موجود نہیں ہے تاہم تعلیمی اور دیگر ذرائع کے تخمینے بتاتے ہیں کہ کسی بھی دن امریکہ میں قید تنہائی میں دسیوں ہزار قیدی رکھے جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مصنف کلارک میرفیلڈ کے مطابق اگر آپ ایک صحافی ہیں جو عام طور پر قید تنہائی یا جیل کے نظام پر مزید رپورٹنگ کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو اس مضمون کو پڑھنا چاہیے، جو قید تنہائی پر حالیہ اور تاریخی تحقیق پر مبنی ہے۔

قید تنہائی کیا ہے اور اسے کیوں استعمال کیا جاتا ہے؟

دی مارشل پروجیکٹ کے 2022 کے مضمون میں میتھیو ایزانو لکھتے ہیں کہ تنہا قیدی عام طور پر اپنے چھوٹے سیلوں میں 23 گھنٹے تک محدود رہتے ہیں ماسوائے ایک گھنٹہ کے لیے کمرے سے جڑے ’ایک بیرونی پنجرے کے۔‘ وفاقی اپیل عدالتوں نے حکم دیا ہے کہ تنہائی میں قیدی اس کمرے سے باہر کے وقت کے بھی حقدار ہیں۔

اس سیل میں فرنیچر عام طور پر کم سے کم ہوتا ہے (پاکستان میں تو قیدی فرش پر سونے کی شکایت بھی کرتے رہے ہیں) — ایک کھلا بیت الخلا، بستر کے لیے پتلا گدا میسر ہوتا ہے۔ بعض جیلوں میں اپنے قید تنہائی کے یونٹوں میں دن اور رات روشنی آن رکھی جاتی ہے۔

جیل حکام شاذ و نادر ہی ’قید تنہائی‘ کی اصطلاح کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ اصطلاح صحافیوں اور علمی محققین میں زیادہ رائج ہے۔ جیل حکام ’علیحدگی‘ کی اصطلاح کی حمایت کرتے ہیں - یعنی ایک قیدی کو عام آبادی سے دنوں، ہفتوں یا سالوں تک دور رکھا جاتا ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف جسٹس کی مارچ 2016 کی ایک رپورٹ، جو کہ امریکی محکمہ انصاف کی تحقیق، ترقی اور تشخیص کا ادارہ ہے، تین ایسے حالات کی وضاحت کرتی ہے جن میں قیدیوں کو عام طور پر عام آبادی سے الگ کیا جاتا ہے:

حفاظتی تحویل جب ایک قیدی کو دوسرے قیدیوں سے زخمی ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

تادیبی علیحدگی اس وقت ہوتی ہے جب ایک قیدی جیل کے قوانین کو توڑتا ہے اور اسے سزا دی جاتی ہے۔

انتظامی علیحدگی اس وقت ہوتی ہے جب ایک قیدی جیل کی عام آبادی کے ارکان کے لیے خطرہ بنتا ہے۔

لیکن مارشل پروجیکٹ میں الیسیا سینٹو اور جوزف نیف کی حالیہ رپورٹنگ کے مطابق جیل کے اہلکار بعض اوقات قیدیوں کو دیگر وجوہات کی بنا پر بھی تنہائی میں بھیج دیتے ہیں، بشمول گارڈز کے مبینہ طور پر کیے گئے حملوں کے خلاف بولنے کے نتیجے میں۔

تعداد کے لحاظ سے قید تنہائی کا استعمال

دو حالیہ تجزیوں سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ میں قید تنہائی میں رکھے گئے قیدیوں کا حصہ تین سے چھ فیصد کے درمیان ہے۔

ییل لا سکول میں آرتھر لیمن سینٹر فار پبلک انٹرسٹ لا کے ذریعہ کیے گئے امریکی جیلوں کے نظام کا ایک قومی سروے کا اندازہ لگایا گیا ہے کہ جولائی 2021 تک 41,000 سے 48,000 قیدی ان سیلوں میں تھے۔

سروے میں ’محدود رہائش‘ کی تعریف اس طرح کی گئی ہے کہ ایک قیدی کو 15 دن سے زیادہ اور اوسطاً 22 گھنٹے فی دن ایک الگ تھلگ سیل میں رکھا جاتا ہے۔ یہ وہی تعریف ہے جو اقوام متحدہ کی قیدیوں کے ساتھ سلوک سے متعلق اپنے قواعد میں جسے نیلسن منڈیلا رولز کہا جاتا ہے واضح کیا گیا ہے۔ دسمبر 2015 میں جنرل اسمبلی کی قرارداد کے ذریعے منظور کیے گئے یہ قوانین لازمی نہیں ہیں یعنی یہ ہر ملک پر منحصر ہے کہ آیا ان پر عمل درآمد کرتا ہے یا نہیں۔

لیمن سینٹر نے 2013 سے ہر دو سال بعد یہ سروے کیا ہے۔  2015 میں مرکز نے اندازہ لگایا کہ 80,000 سے 100,000 قیدی محدود رہائش گاہوں میں رکھے گئے تھے۔ 2017 کی سروے رپورٹ میں 61,000 قیدیوں کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو پابندی والے سیلوں میں قید ہیں۔

مثال کے طور پر 2021 Liman سروے رپورٹ کے مصنفین لکھتے ہیں کہ ’ایک ایسا دائرہ اختیار جس نے لوگوں کو روزانہ اکیس گھنٹے سے زیادہ تنہائی میں نہ رکھا ہو، سروے کے اعداد و شمار میں یہ ظاہر ہو گا کہ کوئی بھی لوگ محدود رہائش گاہ میں نہیں ہیں۔‘

دی مارشل پروجیکٹ میں کیری بلیکنگر کی رپورٹنگ کے مطابق کویڈ 19 وبائی مرض کے ابتدائی دنوں میں 300,000 لوگ قید تنہائی کی طرح لاک ڈاؤن حالات میں رہ رہے تھے تاکہ جیل کے اندر وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

این بی سی نیوز کے سینیئر رپورٹر ایرک اورٹیز کی طرف سے قیدیوں کے اعداد و شمار کے حالیہ تجزیے سے پتا چلتا ہے کہ ستمبر 2022 تک 142,000 وفاقی قیدیوں میں سے 11,368 پابند سلاسل ان سیلوں میں قید تھے، جو اس سال مئی کے مقابلے میں سات فیصد زیادہ تھے۔

ذہنی اور جسمانی نقصان

دماغی صحت کے مسائل جیسے کہ پوسٹ ٹرومیٹک سٹریس ڈس آرڈر اور جسمانی مسائل جیسے کہ عضلاتی درد اور قلبی ہائی بلڈ پریشر کو طویل مدتی قید تنہائی کے نتائج کے طور پر علمی ادب میں اچھی طرح سے نوٹ کیا گیا ہے۔

لیکن قید تنہائی کے ذہنی صحت کے اثرات پر زیادہ تر تحقیق چھوٹے نمونوں پر مبنی ہے یا قصہ پارینہ ہے جیسا کہ کولمبیا یونیورسٹی کی طبی ماہر نفسیات الزبتھ فورڈ نے جان جے سمپوزیم کے دوران نوٹ کیا۔

الزبتھ نے کہا، ’ہم واقعی نہیں جانتے کہ پہلے سے ہی قید لوگوں کی ذہنی صحت پر کیا اثر پڑتا ہے۔‘

طویل مدتی قید تنہائی عام طور پر انتظامی علیحدگی کے تحت آتی ہے اور یہ کئی ہفتوں سے سالوں تک ہو سکتی ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ تنہائی میں رہنے والوں کو جلد موت کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

شمالی کیرولائنا میں امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے جرنل میں شائع ہونے والے تقریباً 230,000 سابق قیدیوں کے 2019 کے مطالعے کے مطابق جن قیدیوں نے قید تنہائی میں کوئی بھی وقت گزارا ہے ان قیدیوں کے مقابلے میں جنہوں نے کبھی بھی قید تنہائی کا تجربہ نہیں کیا تھا رہائی کے بعد پہلے سال کے اندر مرنے کا امکان 24 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

مصنفین لکھتے ہیں کہ تنہائی میں رکھے گئے قیدیوں میں خودکشی کا امکان 78 فیصد زیادہ تھا۔ رہائی کے بعد پہلے سال کے اندر قتل سے مرنے کا 54 فیصد زیادہ امکان تھا اور ’رہائی کے بعد پہلے دو ہفتوں میں منشیات کی زیادتی سے مرنے کا امکان 127 فیصد زیادہ تھا۔‘

تحقیق یہ بھی بتاتی ہے کہ قیدیوں میں موجودہ ذہنی بیماری اور قید تنہائی کا بھی آپس میں تعلق ہے۔ 2022 میں جسٹس کوارٹرلی میں شائع ہونے والے ایک تجزیے کے مطابق 155,000 سے زیادہ مرد قیدیوں میں سے جو بڑے ڈپریشن یا شیزوفرینیا جیسے سنگین ذہنی صحت سے گزر رہے تھے طویل مدتی قید تنہائی میں گزارنے کا امکان 170 فیصد زیادہ ہے۔

اپریل 2022 میں شائع ہونے والی امریکی محکمہ انصاف کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق 2019 سے اب تک مسیسیپی سٹیٹ پرزن میں خودکشی سے مرنے والے 12 افراد سبھی کو پابندی والی رہائش گاہوں میں رکھا گیا تھا۔

الزبتھ فورڈ نے کہا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ ہم اس کے بارے میں کافی بات کرتے ہیں کہ جب کسی شخص کے دماغ پر دائمی دباؤ میں کیا ہوتا ہے - یہ سالوں تک نہیں چھوڑتا ہے - اور دوسرے لوگوں کے خیالات اور طرز عمل تک رسائی کی کمی سے الگ تھلگ رہتا ہے۔ ہم سماجی مخلوق ہیں۔ کسی دوسرے شخص کی رائے یا خیالات کے خلاف آپ کیسا محسوس کرتے ہیں اس کی عکاسی کرنے کے قابل نہ ہونا غیر معمولی طور پر نقصان دہ ہے۔‘

طویل مدتی قید تنہائی کی مختصر تاریخ

امریکہ کے ابتدائی دنوں میں تعزیری سزا جسمانی سزا تھی جس میں کوڑے، برانڈنگ اور پھانسیاں شامل تھیں۔ قیدیوں کو تہہ خانے جیسے حالات میں رکھا جاتا تھا۔

برطانیہ میں 1650 کی دہائی سے تعلق رکھنے والے ایک عیسائی مذہبی گروہ، خاص طور پر امن پسند Quakers نے خاموش خود تشخیصی پر مبنی مجرموں کے لیے ایک متبادل سزا کی سکیم تجویز کی۔

1790 کی دہائی میں ریاست پنسلوانیا نے والنٹ سٹریٹ جیل کا کنٹرول سنبھال لیا، جو پہلے فلاڈیلفیا شہر چلاتا تھا۔ والنٹ سٹریٹ امریکی تاریخ کی تیسری سرکاری جیل بن گئی اور اس نے Quakers کے فلسفے سے متاثر ہو کر مجرمانہ سزا کے لیے ایک بنیاد پرست موقف اختیار کیا۔

منووا کی یونیورسٹی آف ہوائی کے ماہر عمرانیات، رائٹر اور ایشلے روبن کے 2018 کے ایک مقالے کے مطابق والنٹ سٹریٹ کو قیدیوں کے ساتھ انسانی سلوک کا ایک نمونہ سمجھا جاتا تھا، جس میں 16 قید تنہائی کے سیل تھے۔

کنیکٹی کٹ میں مقیم بارہ Quakers کے ایک گروپ نے سی ٹی مرر میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ ’اس وقت کا تصور یہ تھا کہ خاموش، اکیلے خودی کی جستجو اور توبہ کے لیے جگہ فراہم کرنے کا نتیجہ بحالی کا باعث بنے گا۔ اس کی بجائے، سخت تنہائی نے لوگوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر بگاڑ دیا۔‘

والنٹ سٹریٹ کا تجربہ قیدیوں کو خود جانچ کے ذریعے نظم و ضبط حاصل کرنے میں مدد کرنے کے اپنے مقصد میں ناکام رہا — وہاں بھیڑ بھاڑ تھی، خلوت خانے کو آخری حربے کے طور پر استعمال کیا گیا اور ریئٹر اور روبن کے مطابق فسادات اور فرار ہو گئے۔

اگلی دہائیوں کے دوران پنسلوانیا میں ویسٹرن سٹیٹ پینیٹینٹری، نیو یارک میں اوبرن سٹیٹ جیل اور مین سٹیٹ جیل میں طویل مدتی قید تنہائی کے تجربات خراب ڈیزائن کی وجہ سے ناکام رہے۔ سیل نہ صرف تنگ تھے بلکہ ہوا بھی ناقص تھی جس کی وجہ سے حکام تنہا قیدیوں کو رہا کرنے پر مجبور ہوئے۔

رائٹر اور روبن لکھتے ہیں کہ ’1820 کی دہائی کے وسط تک تعزیری اصلاح کرنے والوں اور جیل کے منتظمین نے یکساں طور پر قید تنہائی کی شدید مخالفت کی۔ انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ یہ عمل ظالمانہ اور غیر انسانی اور ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔‘

پنسلوانیا میں قید تنہائی کا استعمال 19 ویں صدی کے نصف آخر تک جاری رہا لیکن 1800 کی دہائی کے آخر تک بااثر امریکی ادارے، جیسے کہ سپریم کورٹ طویل مدتی قید تنہائی کو مسترد کر رہے تھے۔

1900 کی دہائی کے بیشتر حصے میں بھی قید تنہائی کا استعمال کیا جاتا تھا لیکن اس کی تعداد واضح نہیں ہے۔ ریئٹر اور روبن نے نوٹ کیا کہ سان فرانسسکو کی وفاقی جیل الکاٹراز میں جو 1934 سے 1963 تک کام کرتی رہی بے قابو قیدیوں کو تہہ خانے جیسی حالت میں رکھا گیا تھا۔

قید تنہائی کا 'سپر میکس' دور

کیلیفورنیا میں 1989 میں پیلیکن بے سٹیٹ جیل کے کھلنے کے ساتھ ہی طویل مدتی قید تنہائی کا منظم، ادارہ جاتی سطح پر استعمال شروع ہوا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک انتہائی زیادہ سکیورٹی یا ’سپر میکس‘ جیل کے طور پر جانی جانے  والی پیلیکن بے کو بنایا گیا اور اب بھی چل رہی ہے جس میں ہزار سے زیادہ قید تنہائی والے سیل ہیں۔ سپر میکس جیلوں کی تعریف عام طور پر الگ تھلگ سیلوں سے کی جاتی ہے جہاں قیدیوں کو برسوں تک الگ رکھا جاتا ہے۔

جب پیلیکن بے کا آغاز ہوا تو لاس اینجلس ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں اس کے ایک رپورٹر نے نئے سپر میکس کو ’ہسپتال کی طرح جراثیم سے پاک مستقبل کی ایک اورویلین جیل‘ قرار دیا اور ایک نفسیاتی پروفیسر کا حوالہ دیا جس نے خبردار کیا کہ ’تنہائی اس قدر شدید ہے کہ بہت سے لوگ شدید نفسیاتی مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں جو انہیں اور بھی بڑے حفاظتی خطرات میں تبدیل کر سکتے ہیں اور ان کی بحالی کے امکانات کو نمایاں طور پر کم کر سکتے ہیں۔‘

پیلیکن بے نے تعزیری اداروں میں طویل مدتی قید تنہائی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ اس کی تعمیر 1980 کی دہائی کے اوائل میں ماریون، الینوائے کی ایک وفاقی جیل میں ہونے والے واقعات کے بعد ہوئی تھی، جس میں قیدیوں نے دو محافظوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

فیڈرل بیورو آف جیل خانہ جات کے سابق ڈائریکٹر نارمن کارلسن نے 1998 میں سان فرانسسکو کرانیکل کو بتایا کہ ’قیدیوں کی ایک بہت ہی چھوٹی ذیلی تعداد کو کنٹرول کرنے کا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے جنہیں انسانی جان کی کوئی فکر نہیں۔ (دو گارڈز کو قتل کرنے والے) متعدد عمر قید کی سزائیں پاچکے تھے۔ ان کے لیے ایک اور عمر قید کوئی بڑی بات نہیں ہے۔‘

2006 میں میئرز کی تحقیق کے مطابق، جس کی مالی اعانت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف جسٹس کر رہی تھی،   000 کی دہائی کے وسط تک 44 ریاستوں میں 25,000 سپر میکس قیدی تھے۔

جریدے ٹارچر میں 2022 میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے سینٹر فار کرمینالوجی میں ایسوسی ایٹ شیرون شیلیو لکھتے ہیں کہ ’1990 کی دہائی کے وسط سے اور 2000 کی دہائی کے دوران سپر میکسیمم سکیورٹی (یا 'سپر میکس') جیلیں، جو خاص طور پر سینکڑوں لوگوں کو سخت اور طویل قید تنہائی میں رکھنے کے لیے بنائی گئی ہیں پورے امریکہ میں پھیلی ہوئی ہیں۔‘

فلوریڈا سٹیٹ کے میئرز نے اکیڈمی آف کریمنل جسٹس سائنسز سے 2022 کی تقریر کے دوران کہا کہ ’سپر میکس ہاؤسنگ ایک ایسی پالیسی کی عکاسی کرتی ہے جو اس کی ضرورت یا تاثیر کو قائم کرنے کے لیے بہت کم معتبر تحقیق کے ساتھ نافذ کی گئی تھی۔ ایک بار بار آنے والی مقررہ لاگت کی مقدار کو دیکھتے ہوئے، یہ جیل کے نظام کو دیگر پالیسیوں میں فنڈز کی سرمایہ کاری سے روکتا ہے۔ اور ستم ظریفی یہ ہے کہ یہ ان مسائل میں حصہ ڈال سکتا ہے جن کے خاتمے کے لیے اسے ڈیزائن کیا گیا تھا۔‘

معاشی اخراجات

تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ قیدی کو طویل مدتی قید تنہائی میں رکھنا عام جیل کی آبادی میں رکھنے سے زیادہ مہنگا ہے۔ ریاستی بجٹ کی کمیابی اور ان کی تعمیر اور چلانے کے اعلی متعلقہ مالی اخراجات کے درمیان، حالیہ برسوں میں کچھ ریاستوں نے اپنی سپر میکس جیلیں یا یونٹ بند کر دیے ہیں۔

مثال کے طور پر الینوائے نے 2013 میں اپنے Tamms Correctional Center کو بند کر دیا جس کو چلانے کے لیے ہر سال 26 ملین ڈالر لاگت آتی ہے اور اس میں 500 بستروں والا سپر میکس یونٹ شامل تھا۔

حال ہی میں 2021 میں کنیکٹیکٹ نے اپنی واحد سپر میکس جیل سومرز میں اصلاحی سہولت کو بند کر دیا۔

کنیکٹی کٹ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف کریکشن کے کمشنر اینجل کوئروس نے ایک بیان میں کہا، ’منسلک آپریشنل اخراجات زیادہ تر دیگر مقامات سے زیادہ ہیں اور مجموعی مردم شماری پچھلے چھ مہینوں میں ایک سو قیدیوں سے تجاوز نہیں کر سکی ہے۔‘

اگرچہ سپر میکس جیلوں کے اخراجات کے بارے میں زیادہ تر تحقیق 2000 کی دہائی کے دوران شائع ہوئی تھی لیکن یہ جیلیں روایتی جیلوں سے زیادہ مہنگی ہونے کے لیے مشہور ہیں۔

میئرز کی 2006 کی رپورٹ کے مطابق انفرادی سیلز اور بہتر سکیورٹی کی ضروریات کے ساتھ سپر میکس جیلیں عام طور پر زیادہ سے زیادہ حفاظتی جیلوں کی نسبت دو سے تین گنا زیادہ مہنگی ہوتی ہیں۔

کیلیفورنیا ریسرچ بیورو کی سینیئر محقق ٹونیا لنڈسے کی فروری 2023 کی پالیسی بریف، ایک ریاستی مالی امداد سے چلنے والی تنظیم جو منتخب عہدیداروں کو عوامی پالیسی کا تجزیہ فراہم کرتی ہے، اندازہ لگایا گیا ہے کہ کیلیفورنیا ان سیلوں کو کم یا ختم کر کے ہر سال 63 ملین ڈالرز بچا سکتا ہے۔

قید تنہائی کے قائم شدہ ذہنی صحت کے نتائج کے علاوہ مصنفین یہ بھی تجویز کرتے ہیں کہ چونکہ تنہائی میں قید قیدیوں کو اکثر تعلیم یا ملازمت کی تربیت کے مواقع کی اجازت نہیں دی جاتی ہے اس لیے وہ رہائی کے بعد نوکری تلاش کرنے کے لیے کم تیار ہوتے ہیں۔

مصنفین نے نتیجہ اخذ کیا کہ ’ان طریقوں سے، [قید تنہائی] نہ صرف بحالی کے مشن کو پورا کرنے میں ناکام رہتی ہے بلکہ معاشرے کے لیے اضافی مالی اور صحت کے اخراجات بھی پیدا کر سکتی ہے۔‘

قید تنہائی کے متبادل

ایسے قیدیوں کے لیے جو عام قید میں غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں، قید تنہائی میں جگہ کا ایک متبادل کھلی حفاظتی حراست کہلاتا ہے۔ یہ ایک الگ یونٹ ہے جہاں ایسے قیدی جن کو عام آبادی سے علیحدگی کی ضرورت ہوتی ہے ایک ساتھ رکھا جاتا ہے۔ کچھ جیلیں کھلی حفاظتی تحویل کی پیشکش کرتی ہیں۔

برائن کوہن نے جو جنوب مغرب میں جیل کے ایک سابق وارڈن ہیں کہا کہ ’یہ ایک کھلا یونٹ ہے۔ وہ صرف اپنے آپ سے الگ تھلگ ہیں اور کسی کو بھی اس گروپ یا اس یونٹ تک رسائی کی اجازت نہیں ہے کیونکہ وہ واقعی اپنے تحفظ کے لیے وہاں موجود ہیں۔‘

لیبریک نے نوٹ کیا کہ پالیسی سازوں اور میڈیا میں قید تنہائی کے بارے میں ہونے والی گفتگو سے جو چیز اکثر غائب رہتی ہے وہ یہ ہے کہ قانونی طور پر ایسے پرتشدد افراد موجود ہیں جو جیل کی عام آبادی کے لیے زندگی کو غیرمحفوظ بناتے ہیں - لیکن ان افراد کو سخت حالات میں رکھنے کے علاوہ اور کیا کیا جا سکتا ہے؟

انہوں نے تجویز پیش کی کہ جیل کے نظام قید تنہائی کے استعمال کو کم کرنے اور بہتر بنانے کے لیے ان چار طریقوں پر غور کریں:

- قید تنہائی کے انکان کو کم کریں – اس کے لیے اہلیت کا معیار - تاکہ معمولی اصول توڑنے والے طویل عرصے تک وہاں نہ ہوں۔

۔ ایک قیدی کو الگ کیے جانے کے دورانیے پر مناسب حد لگائیں اور قیدیوں کو اچھے برتاؤ کے ذریعے باہر نکلنے کی اجازت دیں۔

۔ قید تنہائی کے اندر حالات کو بہتر بنائیں - بحالی پروگرامنگ تک رسائی کی اجازت دیں اور سماجی تعاملات کے لیے مزید مواقع فراہم کریں۔

۔ کیس کے انتظام اور علاج کے ساتھ روک تھام پر توجہ مرکوز کریں جو ان قیدیوں کو نشانہ بناتے ہیں جو انٹیک کے بعد تنہائی میں ختم ہونے کا زیادہ امکان رکھتے ہیں۔

کئی اہلکاروں اور افسران نے تنہائی میں قیدیوں کے جسمانی اور ذہنی اذیتوں کو تسلیم کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قید تنہائی ایک اہم ذریعہ ہے جسے جیل کے نظم و نسق کو برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، لیکن یہ بھی تجویز کیا کہ عام آبادی کے اندر عملے کی تعداد میں اضافہ سیل کے استعمال کو محدود کر دے گا۔

یہ مضمون دا جرنلسٹ ریسوس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریر کا اختصار ہے۔ 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی تحقیق