سعودی عرب کے اہم ترقیاتی منصوبوں میں پاکستانیوں کا کردار ہے: سفیر احمد فاروق

سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان ان خلیجی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ وہاں مقیم پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر احمد فاروق 23 ستمبر 2023 کو سعودی کے قومی دن کی مناسبت سے پیغام دے رہے ہیں (سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانہ فیس بک)

پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق کا کہنا ہے کہ پاکستانی محنت کش سعودی عرب کے وژن 2030 سمیت اہم تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبوں میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

پیر کو اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بہت سی مثبت تبدیلیاں آئی ہیں، جو پاکستانیوں کے لیے مزید مواقع پیدا کر رہی ہیں جن میں محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ، ویزا پالیسی میں نرمی اور ہنر مند افراد کے لیے نئی ملازمت کے مواقع شامل ہیں۔

سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان ان خلیجی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ وہاں مقیم پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

احمد فاروق نے اس بات پر زور دیا کہ ان ممالک میں ملازمت کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں ہنر اور مہارتوں کی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔

سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں مقابلہ بڑھ رہا ہے اور اگر پاکستانی نوجوان جدید ضروریات کے مطابق ہنر مند بن جائیں تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ملک کے لیے قیمتی اثاثہ بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔

پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق نے کہا کہ اس وقت خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) میں 55 لاکھ سے زیادہ پاکستانی مقیم ہیں جو نہ صرف مقامی معیشت میں حصہ ڈال رہے ہیں بلکہ پاکستان کے لیے ایک اہم ستون کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی زر مبادلہ کے ذریعے ملک کی معاشی استحکام اور ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مسلسل مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

سمندر پار پاکستانیوں کے الیکشن لڑنے کی اجازت

اس سے قبل پاکستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کو درپیش تمام مسائل کے حل کے لیے وزارت خارجہ، وزارت خزانہ، سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت، سٹیٹ بینک اور نادرا سمیت تمام متعلقہ اداروں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے جومسائل کے حل کےلیے تجاویز مرتب کرکے وفاقی کابینہ کو پیش کرے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پیر کو سمندر پار پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کےلیے قانون سازی کی جائے گی اور صوبو ں سے وہ خود بات کریں گے، بیرون ملک مقیم پاکستانی اگرسمجھتے ہیں کہ انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت ملنی چاہیے تو وہ اس سلسلے میں جماعتوں سے بات کریں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ ان کی بھجوائی گئی ترسیلات زر ہماری برآمدات سے بھی زیادہ ہیں، اگر ہم ایکسپورٹرز کو ریلیف دے سکتے ہیں تو انہیں بھی ریلیف دینا چاہیے، بیرون ملک اہم سفارت خانوں میں زیادہ ترسیلات زر بھجوانے والے سمندر پار پاکستانیوں کو بھی وہی مقام اور مرتبہ ملنا چاہیے جو وزرا، ارکان پارلیمنٹ اورہمیں حاصل ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ ملک کی خدمت کرنے والے ان پاکستانیوں کوبھی اعزازی طور پر سفیر مقرر کیا جائے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ ’جو مسائل کنونشن میں بیان کیے گئے ہیں میں ان کی مکمل تائید کرتا ہوں۔‘

انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’قومی اسمبلی آپ کی ہے، ہم اس معاملے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہونی چاہیے تو اس سلسلے میں آپ اپنی اپنی جماعتوں سے بات کریں تاکہ اس تجویز پر ایوان میں غور و خوض کے بعد کوئی حتمی حل نکالا جاسکے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بات بھی حرف آخر نہیں ہوتی، ہم چاہتے ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات اورمسائل کا حل نکالا جا ئے ۔

انہوں نے کہا کہ ’اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضوں کی شکایات کے ازالے کے لیے تحصیلدار، پٹواری، ایس ایچ او اور ایس پی سمیت سب کوآن بورڈ لیا جائے، اس سلسلے میں تمام صوبوں سے میں خود بات کروں گا۔‘

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت ڈیجیٹائزیشن پر کام ہورہا ہے اور ہم پیپرلیس سسٹم کی طرف جا رہے ہیں، کسی بھی پاکستانی کودفتر میں جانے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے، اسے گھر بیٹھ کر آن لائن خودکار نظام کے تحت اپنا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کر نے کی سہولت دی جانی چاہیے۔

’سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ‘

پیر کو وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رواں سال مارچ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ایک ماہ میں ریکارڈ 4.1 ارب ڈالرز کی ترسیلات زر بجھوائی گئیں جو کسی بھی ایک مہینے میں سمندر پار سے موصول ہونے والی سب سے بڑی رقم ہے۔

پاکستانی وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ ’مارچ 2025 میں ترسیلات زر ایک ماہ میں ریکارڈ کی گئی تاریخ کی بلند ترین سطح 4.1 ارب ڈالر جبکہ رواں مالی سال اب تک ترسیلات زر مجموعی طور پر 28 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔‘

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال مارچ کے مقابلے میں اس سال مارچ میں ترسیلات زر میں 37.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ’سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے محنت کش سمندر پار پاکستانیوں پر فخر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں جاری اوورسیز پاکستانیز کنوینشن کے تناظر میں ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے کی خوش خبری کا آنا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی لگن، جذبے اور ملکی معیشت میں اعتماد کا مظہر ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان