سرکاری میڈیا کے مطابق شمال مغربی چین کے شہر ین چوان میں ایک باربی کیو ریسٹورنٹ میں دھماکے سے کم از کم 31 افراد چل بسے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ بدھ کی رات تقریباً 8 بجکر 40 منٹ پر صوبہ نينغشيا کے دارالحکومت ین چوان کے رہائشی علاقے میں واقع ’ایک باربی کیو ریسٹورنٹ میں ایل پی جی گیس کا دھماکہ ہوا۔‘
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ واقعے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے، جو ہسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں سے ایک کی حالت ’تشویش ناک‘ ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شنہوا کے مطابق دیگر زخمیوں میں سے دو افراد شدید جھلس گئے، دو کو معمولی چوٹیں آئیں اور دو کو کانچ کے ٹکڑوں سے خراشیں آئیں۔
ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں ایک درجن سے زیادہ فائر فائٹرز کو دھماکے کے مقام پر دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ریسٹورنٹ سے دھواں نکل رہا ہے۔
یہ ریسٹورنٹ جس مقام پر واقع ہے وہاں دیگر ریسٹورنٹس اور تفریحی مقامات بھی موجود ہیں، جہاں کانچ کے ٹکڑے اور ملبہ دور دور تک بکھرا ہوا دیکھا گیا۔
یہ دھماکہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب چین میں تین روزہ ڈریگن بوٹ فیسٹیول منایا جا رہا ہے۔ اس موقعے پر چینی شہری گھروں سے باہر جاکر کھانا کھاتے اور دوست احباب سے ملاقات کرتے ہیں۔