امریکہ میں کیلیفورنیا کے علاقے ماؤنٹ سین انٹونیو میں ہائیکنگ پر جانے والے افراد کو انسانی جسم کی باقیات ملی ہیں، جبکہ یہ وہی جگہ ہے جہاں سے پانچ ماہ قبل برطانوی اداکار جولین سینڈز لاپتہ ہوئے تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سین برنارڈینو کے شیرف ڈپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ہفتے کی صبح انسانی جسم کی باقیات جنگل سے ملیں۔
بیان کے مطابق: ’شہری ہائیکرز نے فونٹانا شیرف سٹیشن سے رابطہ کیا جب ان کو یہ باقیات ملیں۔‘
ملنے والی انسانی باقیات کو کورونر آفس بھیجا گیا تاکہ شناخت ہوسکے، جبکہ اس عمل کی اگلے ہفتے تک مکمل ہوجانے کی امید ہے۔
ہالی وڈ اداکار جولین سینڈز 1985 میں ’A Room With a View‘ میں اپنے کردار کی وجہ سے مشہور ہوئے تھے۔ وہ متعدد دیگر فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
جولین سینڈز جنوری میں ماؤنٹ سین اینٹونیو، جس کو عمومی طور پر ماؤنٹ بالڈی بھی کہا جاتا ہے، سے لاپتہ ہوئے تھے۔ اس چوٹی کی اونچائی 10 ہزار فٹ ہے۔
65 سالہ اداکار بذات خود بھی ایک پرانے ہائیکر ہیں، جنہوں نے ایک ’زبردست ٹھنڈی صبح کو پہاڑی مہم کے قریب‘ خود کو سب سے زیادہ خوش قرار دیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کیلیفورنیا دسمبر اور جنوری میں شدید طوفانوں کی زد میں رہا جس کی وجہ سے پہاڑی سلسلوں بشمول ماؤنٹ سین انٹونیو پر شدید برف باری رہی۔
وہ چوٹی جہاں سے سینڈز غائب ہوئے تھے وہ سین گیبریل کے پہاڑوں میں سب سے اونچی ہے اور لاس اینجلس کے رہائشیوں کے لیے ایک مقبول ہائیکنگ کی جگہ ہے۔
سین برنارڈینو کاونٹی شیرف کے مطابق یہ پہاڑی سلسلہ انتہائی خطرناک ہے جس میں 2017 سے 2022 تک آٹھ اموات ہوچکی ہیں۔
اداکار کے بھائی نک نے لاپتہ سینڈز کی تلاش کے دو ہفتے بعد ہی مان لیا تھا کہ وہ زندہ نہیں مل سکتے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انہوں نے یورک شائر میں کہا تھا: ’وہ ابھی تک لاپتہ قرار نہیں دیے گئے، مردہ تصور کیا جاسکتا ہے، تاہم میرے دل میں خیال ہے کہ وہ جا چکے ہیں۔‘