کراچی میں عید الضحیٰ کے بعد ذبح کیے جانے والے جانوروں کی الائشیں ٹھکانے لگانے کے علاوہ صفائی کو یقینی بنانے کا مسئلہ سامنے آیا جو نومنتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے لیے ایک چیلنج ثابت ہوا۔
میئر کراچی کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے ایام میں شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کی کیے جانے پر یقین دہانی کروائی گئی تھی اور ایسی حکمت عملی بنائی گئی تھی۔
بلدیاتی اداروں نے عید قرباں پر علاقوں کا دورہ کرنے والی حکومتی شخصیات کو کارکردگی دکھا کر داد وصول کی لیکن شہر میں صورت حال کیا ہے اس پر نظر ڈالتے ہیں۔
عید الضحیٰ گزر گئی ہے اب سوال یہ ہی کہ شہر کراچی میں بلدیاتی انتظامات کتنے تسلی بخش رہے، اسی حوالے سے بلدیاتی انتظامیہ اور شہر میں بلدیاتی مسائل پر گہری نظر رکھنے والے صحافی سہیل رب نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ ’الائشوں کے حوالے سے اور صفائی کے انتظامات کے حوالے سے شہری انتطامیہ کی کارگردگی میں گذشتہ سال کی نسبت رواں سال میں کافی بہتری دیکھنے میں آئی۔ کیونکہ الائشیں ٹھکانے لگانے کا کام سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ، جو سندھ گورنمنٹ کے ماتحت کام کرتا ہے اور سندھ گورنمنٹ پیپلز پارٹی کی ہے۔‘
سہیل رب کا کہنا تھا: ’آج سے پہلے سندھ سالڈویسٹ منیجمنٹ بورڈ نے کام کیا تھا لیکن اس طریقے سے نہیں کیا تھا جس طرح رواں سال عید الضحیٰ کے بعد کیا۔‘
ان کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ کراچی میں حالیہ میئر کراچی کے انتخابات میں منتخب ہونے والے میئر کراچی پاکستان پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب تھے جب میئر کراچی پیپلز پارٹی کا ہے تو اس کا کسی بھی ادارے پر زور ہوگا، کیونکہ سارے ادارے سندھ گورنمنٹ کے کنٹرول میں ہیں۔
’سندھ حکومت کا سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ پر کنٹرول تھا اور میئر کو کامیاب بنانا تھا اسی لیے اس سال صفائی اور الائشیں ٹھکانے لگانے کے انتظامات بہتر تھے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تاہم آج میڈیا سے گفتگو میں میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ’اب تک ایک لاکھ تیرہ ہزار پینتیس ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔ اس میں وہ کچرا بھی شامل ہے جو روزانہ اٹھایا جاتا تھا۔24 ہزار سے زائد کا عملہ کام کررہا تھا۔‘
میئر کراچی کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے عملے کی وجہ سے شہر میں صفائی کے انتظامات ممکن ہوئے۔
’ہم آہستہ آہستہ شہر کو صاف کرنے کا کام مکمل کر رہے ہیں اگلا چیلنج بارش ہے، عملہ موجود ہوگا نالے صاف کرے گا۔‘
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے ادارے نور حق میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی اور عوام کو درپیش بلدیاتی مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔
ان کا کہنا تھا: ’سندھ حکومت نے سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ قائم کیا جو کہ غیر آئینی و غیر قانونی ہے۔ پیپلز پارٹی کے تمام تر ہتھکنڈوں اور سازشوں کے باوجود شہر کے مرکزی ٹاؤنز جماعت اسلامی کے پاس ہیں۔ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چییرمینز نے اپنی مدد آپ کے تحت شہر میں صفائی و ستھرائی کے نظام کے بہتر بنایا۔‘
رواں سال رواں سال عیدالاضحیٰ پر کتنے جانوروں کی قربانی کی گئی؟
پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن کے مطابق رواں سال عیدالاضحیٰ پر 63 لاکھ 60 ہزار جانوروں کی قربانی کی گئی۔
پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن کے سابق چیئر مین امان آفتاب نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ رواں سال ’25 لاکھ بچھڑے، 40 لاکھ بکرے، 10 لاکھ چھترے اور ایک لاکھ اونٹ قربانی میں شامل ہوئے۔ ملک میں گذشتہ سال کی نسبت قربانی میں 25 فیصد کمی ہوئی ہے۔عید پر قربان کیے گئے جانوروں کی مالیت 376 ارب روپے ہے۔‘