مردم شماری: اسلام آباد، کے پی شہری آبادی میں کمی

ادارہ شماریات کے مئی میں جاری غیر حتمی اعداد و شمار کے مقابلے میں حتمی نتائج میں مجموعی طور پر تقریباً 90 لاکھ آبادی کم ہوئی ہے۔

28 مارچ 2017 کی اس تصویر میں  پاکستان بیورو آف  شماریات  کے ایک اہلکار لاہور میں  ایک گھر سے اعدادوشمار جمع کرتے ہوئے(فائل تصویر: اے ایف پی)

پاکستان ادارہ شماریات (پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس) کی جانب سے ملک کی پہلی ڈیجیٹل اور مجموعی طور پر ساتویں مردم شماری 2023 کے حتمی نتائج کے مطابق پاکستان کی آبادی سالانہ 2.55 فیصد اضافے کے ساتھ 24 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار ہوگئی ہے۔

جب کہ دیہی آبادی 61.18 فیصد یعنی 14 کروڑ، 77 لاکھ 48 ہزار جبکہ شہری آبادی 38.82 فیصد یعنی نو کروڑ 37 لاکھ 50 ہزار ہے۔ 

مردم شماری کے مطابق پاکستان میں کل گھرانے تین کروڑ، 34 لاکھ 40 ہزار 566 ہیں۔

پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کی ساتویں اور پہلی ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے حتمی نتائج کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) نے حال ہی میں منظوری دی ہے۔ 

ادارہ شماریات کے مئی میں جاری غیر حتمی اعداد و شمار کے مقابلے میں حتمی نتائج میں مجموعی طور پر تقریباً 90 لاکھ آبادی کم ہوئی ہے۔

جس میں سے سندھ 22 لاکھ اور بلوچستان کی تقریباً 70 لاکھ آبادی ہے، جب کہ خیبر پختونخوا میں تقریباً نو لاکھ اور پنجاب میں دو لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔

مردم شماری کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کی شہری آبادی میں کمی جب کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی شہری آبادی میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق اسلام آباد کی آبادی 23 لاکھ 63 ہزار ہے۔ جس میں سے دیہی آبادی 12 لاکھ 54 ہزار اور شہری آبادی 11 لاکھ آٹھ ہزار ہے۔ 

خیبرپختونخوا کی آبادی چار کروڑ 85 لاکھ ہے۔ جس میں دیہی آبادی تین کروڑ 47 لاکھ 24 ہزار اور شہری آبادی 61 لاکھ 31 ہزار ہے۔ 

پنجاب کی آبادی 12 کروڑ 76 لاکھ 88 ہزار ہے۔ جس میں سات کروڑ 57 لاکھ 15 ہزار دیہی اور پانچ کروڑ 19 لاکھ 73 ہزار شہری آبادی ہے۔ 

بلوچستان کی آبادی ایک کروڑ 48 لاکھ 94 ہزار ہے۔ جس میں دیہی آبادی ایک کروڑ دو لاکھ 82 ہزار اور 46 لاکھ 11 ہزار شہری آبادی ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سندھ کی آبادی پانچ کروڑ 56 لاکھ 90 ہزار ہے۔ جس میں دیہی آبادی دو کروڑ 57 لاکھ 71 ہزار اور دو کروڑ 99 لاکھ 25 ہزار شہری آبادی ہے۔ 

سات اضلاع پر مشتمل کراچی ڈویژن کی آبادی دو کروڑ تین لاکھ 82 ہزار جب کہ چار اضلاع پر مشتمل لاہور ڈویژن کی آبادی دو کروڑ 27 لاکھ 72 ہزار ہے۔  

سندھ میں ادارہ شماریات کے 22 مئی کے اعداد و شمار کے مقابلے میں حتمی نتائج میں کراچی میں تقریباً 12 لاکھ آبادی کا اضافہ ہوا جبکہ صوبے کے دیگر ڈویژنز میں 34 لاکھ کی کمی آئی ہے۔

سندھ کی مجموعی آبادی میں کراچی کا حصہ تین فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد کراچی کی آبادی صوبے کی کل آبادی کے 36 فیصد سے زائد ہو گئی ہے۔ 

انتخابی سیاست کی رپورٹنگ پر مہارت رکھنے والے کراچی کے صحافی اور تجزیہ نگار عبدالجبار ناصر نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’مردم شماری کے نتائج جاری ہونے کے بعد کراچی سے قومی اسمبلی کی ایک اور سندھ اسمبلی کی تین نشستوں کا اضافہ ہوگا۔‘

عبدالجبار ناصر کے مطابق: ’مردم شماری کے نتائج کے بعد کراچی کے ضلح جنوبی میں ایک قومی اسمبلی کی نششت اورایک صوبائی اسمبلی نشست، ضلع شرقی، ضلع وسطی اور ضلع ملیر میں صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست کا اضافہ ہو گیا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان