’سرمایہ کاروں کو فری ہینڈ دیں، پاکستان کو دبئی بنا دیں گے‘

کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے میں پاکستان کے جشن آزادی سے متعلق تقریب میں انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں یو اے ای کے قونصل جنرل نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت عرب کاروباری ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔

کراچی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی کا کہنا ہے کہ اگر ان کے ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں فری ہینڈ ملتا ہے تو یہاں وہ سب کچھ نظر آئے گا جو دبئی میں ہے۔

کراچی میں یو اے ای کے قونصل خانے میں پاکستان کے جشن آزادی کی تقریب کے دوران انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں قائم ہونے والی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا مقصد ہی خلیجی ممالک سے پاکستان کے لیے ممکنہ سرمایہ کاری کو آسان اور تیز تر بنانا ہے۔

بخیت عتیق الرومیثی نے مزید کہا کہ یو اے ای اور دوسرے عرب ممالک کے سرمایہ کاروں کے پاس تجربہ جس سے پاکستان میں بہتر انداز میں کاروبار کیا جا سکتا ہے اور دونوں ملکوں کے تعلقات میں بھی مزید بہتری آئے گی۔

’یو اے ای کے سرمایہ کاروں کی آمد سے پاکستانی عوام کو بھی فائدہ ہو گا۔  پاکستان اگر ان سرمایہ کاروں کو فری ہینڈ دیتا ہے کام کرنے میں تو پھر آپ کو وہی نظر آئے گا جو دبئی میں نظر آ رہا ہے۔‘

امارات سفارت کار کا مزید کہنا تھا کہ یو اے ای کے ہر شعبے میں پاکستانیوں کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی طرح جلد ہی روڈ ٹو ابو ظبی اور روڈ ٹو دبئی پراجیکٹس بھی لائے جا رہے ہیں، جس سے پاکستانی نوجوانوں کو فائدہ اٹھانے کے مواقع میسر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ تعلقات ہیں متحدہ عرب امارات میں 17 لاکھ پاکستانی روزگار سے منسلک ہیں، جو یو اے ای کی  ترقی کا حصہ ہیں۔

اماراتی سفارت کار نے مزید کہا کہ یو اے ای ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، جیسے حالیہ نوابشاہ ٹرین حادثے کے زخمیوں کو کراچی پہنچانے میں مدد فراہم کی گئی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا