متحدہ عرب امارات نے حالیہ برسوں میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، پی ایس ایل اور آئی پی ایل جیسے وائٹ بال ٹورنامنٹس کی میزبانی کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ ٹی ٹین لیگ کی میزبانی بھی کی ہے۔
لیکن اب یہ خلیجی ریاست اپنی انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (آئی ایل ٹی ٹوئنٹی) کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس فرنچائز لیگ کے بارے میں اہم معلومات یہاں اپنے قارئین کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔
ILT20 کب اور کہاں ہو رہی ہے؟
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق امارات کرکٹ بورڈ کی جانب سے منعقد کی جانے والی پہلی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی چھ ٹیموں کے درمیان 13 جنوری سے 12 فروری تک متحدہ عرب امارات میں دبئی، شارجہ اور ابوظہبی کے تین مقامات پر کھیلی جائے گی۔
ایونٹ کی چھ فرنچائز دبئی کیپٹلز، ابوظہبی نائٹ رائیڈرز، ایم آئی ایمریٹس، شارجہ واریرز گلف جائنٹس اور ڈیزرٹ وائپرز ٹائٹل کے لیے مقابلہ کریں گی۔
کیا یہ لیگ آئی پی ایل کی طرح ہے؟
آئی ایل ٹی ٹوئنٹی اگرچہ انڈین پریمیئر لیگ سے مختلف ہے لیکن لیگ کی چھ فرنچائزز میں سے تین ممبئی انڈینز، دہلی کیپٹلز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالکان کی ملکیت ہیں۔
اس لیگ میں ہر پلیئنگ الیون میں زیادہ سے زیادہ نو غیر ملکی کھلاڑی ہو سکتے ہیں جن میں یو اے ای کے کم از کم دو کھلاڑی لازماً شامل ہوں گے جب کہ سکواڈ میں دو ایسوسی ایٹ اوورسیز کھلاڑی بھی شریک ہو سکتے ہیں
غیر ملکی کھلاڑیوں کی مانگ نے آئی سی سی کے مستقل رکن ممالک کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے جنہیں خدشہ ہے کہ تازہ ترین لیگ عالمی کرکٹ کے نظام کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کیا آئی ایل ٹی ٹونٹی کے اعدادوشمار کھلاڑیوں کے T20 ریکارڈز میں شمار ہوں گے؟
اس کا جواب نہیں ہے۔ آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کے مطابق غیر مستقل اراکین کی میزبانی میں ہونے والے مقابلوں کو T20 کا درجہ نہیں دیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ یو اے ای بھی کرکٹ گورننگ باڈی کا مستقل رکن نہیں ہے اس لیے آئی ایل ٹی ٹونٹی کے ریکارڈ شمار نہیں کیے جائیں گے۔
آئی ایل ٹی ٹونٹی میں کون کون سے سٹار کھلاڑی شامل ہیں؟
آئیے شروع کرتے ہیں آندرے رسل اور سنیل نارائن سے جو دنیا کے بہترین ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ آئی پی ایل اور سی پی ایل میں نائٹ رائیڈرز کی ٹیموں کے لیے کھیلنے کے بعد وہ اس بار آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی فرنچائز کی نمائندگی کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ٹرینٹ بولٹ، عقیل حسین، کولن منرو اور مارکس سٹوئنس جیسے کھلاڑی بھی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کریں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں سری لنکا کے ویننڈو ہرسارنگا، متھیشا پاتھیرانا، بھانوکا راجا پاکسے اور چمیکا کرونارتنے بھی امارات میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
لیگ میں کچھ انڈین سٹارز بھی شامل ہوں گے جن میں رابن اتھپا اور یوسف پٹھان شامل ہیں۔
کیا آئی ایل ٹی ٹونٹی میں کوئی پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہے؟
اس کا جواب بھی نہیں ہے لیکن ایسا آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے دروازے بند ہونے جیسا معاملہ نہیں ہے کیوں کہ پاکستان کے سابق وکٹ کیپر معین کے صاحبزدے اعظم خان کو ڈیزرٹ وائپرز نے اپنی ٹیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن انہیں آئی ایل ٹی ٹونٹی میں شرکت کے لیے پی سی بی سے این او سی نہیں ملا تھا۔
جنوبی افریقہ کی لیگ SA20 میں بھی کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے۔ یہ بات قابل غور ہے کہ پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن فروری 2023 میں آئی ایل ٹی ٹونٹی کے ختم ہونے کے چند دن بعد شروع ہونا ہے۔