کندھے کی انجری، نسیم کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک

پی سی بی کے مطابق میڈیکل ٹیم کی نسیم کے کندھے کی انجری پر نظر ہے اور ان کو بہترین نگہداشت فراہم کرنے کے لیے طبی ماہرین سے مشاورت جاری ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان اکتوبر، 2022 میں برسبین میں کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں نسیم شاہ باؤلنگ کر رہے ہیں (اے ایف پی/پیٹرک ہیملٹن)

پاکستان کے تیز بولر نسیم شاہ کی کندھے کی انجری کے باعث آئندہ ماہ انڈیا میں ہونے والے ایک روزہ ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نسیم کی فٹنس اور ورلڈ کپ میں ان کی شرکت کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے سے قبل طبی رپورٹس کا انتظار کر رہا ہے۔

نسیم شاہ گذشتہ اتوار کو کولمبو میں انڈیا کے خلاف ایشیا کپ کے ایک میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہونے کے بعد ٹورنامنٹ کے باقی میچوں سے باہر ہو گئے تھے۔

پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق ان کے دائیں کندھے کے ابتدائی سکینز سے معلوم ہوا کہ ان کی انجری اندازوں سے زیادہ خراب ہے لیکن بورڈ نے ہفتے کو بتایا کہ نسیم (کی صحت) کا اب بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

بورڈ نے کہا: ’پی سی بی کی میڈیکل ٹیم نسیم کے کندھے کی انجری پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ نسیم کو بہترین ممکنہ نگہداشت فراہم کرنے کے لیے ماہرین سے طبی مشاورت جاری ہے۔‘

پی سی بی کے مطابق میڈیکل پینل مزید جائزوں کی بنیاد پر تیز بولر کی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کرے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

20 سالہ نسیم شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کے ساتھ پاکستان کی فاسٹ بولنگ کا اہم ستون ہیں۔

حارث بھی انجری کی وجہ سے ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ سے باہر ہو گئے تھے۔

کرکٹ پنڈتوں کے مطابق نسیم کی عدم موجودگی پانچ اکتوبر سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کی جیت کے امکانات کو متاثر کرے گی۔

پاکستان انجری مسائل کے باعث انڈیا کے خلاف 228 رنز اور سری لنکا کے خلاف دو وکٹوں سے شکست کے بعد ایشیا کپ سے باہر ہو چکا ہے۔

کولمبو میں کل (اتوار کو) ایشیا کپ کے فائنل میں انڈیا اور سری لنکا آمنے سامنے ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ