پاکستان نے اگست اور ستمبر میں ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں تیز بولر حسن علی کی جگہ نسیم شاہ کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بدھ کو دورہ نیدرلینڈز اور اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے قومی سکواڈز کا اعلان کردیا۔
ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل نیدرلینڈز کے خلاف تین میچوں کے لیے 16 رکنی جبکہ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے 15 کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے۔
تیز بولر حسن علی کی جگہ نسیم شاہ دونوں سکواڈز اور سلمان علی آغا کی ون ڈے سکواڈ میں شامل ہوئے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی دونوں سکواڈز میں شامل ہیں۔ تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے فزیو اور ٹرینر نیدرلینڈز میں ان کے ری ہیب کا جائزہ لینے کے بعد ان کی فائنل الیون میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود نیدرلینڈز میں سیریز کھیلنے کے بعد وطن واپس آجائیں گے جبکہ آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے دونوں دوروں کو بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کپتان اور کوچ کی مشاورت سے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔
محمد وسیم نے کہا کہ حسن علی کو ان دوروں میں آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ نسیم شاہ پہلی مرتبہ قومی وائٹ بال سکواڈز کا حصہ بنے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’وہ باقاعدگی سے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے ہیں لہٰذا ان کی شمولیت سے فاسٹ بولنگ کو مزید تقویت ملے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ سلمان علی آغا کو ایک مرتبہ پھر قومی ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ’وہ ایک کارآمد آف سپنر ہیں جو مڈل اوورز میں اننگز کو اینکر کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔‘
دونوں دوروں کے لیے تربیتی کیمپ چھ سے 11 اگست تک لاہور میں لگایا جائے گا۔ اس دوران دو 50 اوورز پر مشتمل پریکٹس میچ کھیلے جائیں گے، جس کے بعد سکواڈ 11 اور 12 اگست کی درمیانی شب ایمسٹرڈیم روانہ ہوگا جہاں سے وہ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں شرکت کرنے 22 اگست کو دبئی پہنچے گا۔
ون ڈے سکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود۔
ٹی ٹوئنٹی سکواڈ :
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر۔