حلوہ پوری کا ناشتہ چھٹی والے دن کی سوغات ہے اور اگر یہ حلوہ پوری دیسی گھی میں بنی ہو تو لوازمات کے ساتھ اسے کھانے کا مزہ دوبالہ ہو جاتا ہے۔
لاہور میں ویسے تو بہت سی جگہیں ناشتے کے لیے مشہور ہیں لیکن ’صادق حلوہ پوری‘ کی خاص بات یہ ہے یہ دکان لاہور کی ’گوالمنڈی میں 1880 سے موجود ہے‘ مگر اب لاہور شہر میں ان کی پانچ شاخیں پائی جاتی ہیں۔
اچھرہ کے قریب شمع سٹاپ فیروز پور روڈ پر موجود ان کی دکان پر اتوار کی صبح پانچ چھ بجے کے درمیان گاہکوں کا خوب رش لگ جاتا ہے۔
صادق حلوہ پوری کے مالک حسنین علی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’میں چوتھی نسل سے ہوں جو اس خاندانی کام کو سنبھال رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عام دنوں میں بھی لوگ ناشتے کے لیے آتے ہیں لیکن ہفتے اور اتوار کو چھٹی کی وجہ سے ان کی دکان پر گاہکوں کا رش بہت زیادہ ہو جاتا ہے۔
اس لیے وہ صبح ساڑھے تین بجے ہی اپنا کام شروع کر دیتے ہیں جو دو پہر ایک بجے تک چلتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہاں فیملیز کے بیٹھنے کا انتظام بھی کیا گیا ہے جہاں منہ اندھیرے ہی لوگ آکر دیسی گھی کی بنی پوریوں، حلوے اور آلو چنے کا لطف لیتے ہیں۔
حسنین نے بتایا کہ گاہک چاہتا ہے کہ پوری گرم گرم تیل سے نکلتے ہی ان کے سامنے پیش کی جائے۔
حسنین نے بتایا کہ ان کی دکان پر پوریاں، مختلف اقسام کے حلوے، آلو چنے، گوشت اور چکن کے کتلمے، میٹھا پورا اور لسی گاہکوں کے لطف کو دوبالا کرنے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔
حسنین نے بتایا کہ ان کی ہر برانچ میں ناشتے کا ایک جیسا ہی ذائقہ ہے۔
صادق حلوہ پوری عام حلوہ پوری سے تھوڑی سی مہنگی ہے۔ کیونکہ وہ سب کچھ دیسی گھی میں بناتے ہیں اس لیے ایک پوری 80 روپے کی دیتے ہیں۔
جس کے ساتھ آلو چنے ملتے ہیں اور یہ قیمت بالکل مناسب ہے۔ باقی لوازمات بشمول حلوہ گاہک کو الگ سے خریدنا ہوتا ہے۔