بلوچستان کے شہر مستونگ میں عید میلاد النبی کے جلوس اور خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کی ایک مسجد میں خودکش حملے ہوئے ہیں جن میں کم از کم 55 اموات ہوئی ہیں جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بلوچستان کے صوبائی اور پولیس حکام نے جمعے کو بتایا کہ مستونگ میں قاضی کوڑہ روڈ پر ایک مسجد کے قریب 12 ربیع الاول کے جلوس میں ہونے والے خودکش دھماکے میں کم از کم 52 اموات ہوئی ہیں اور 50 سے زائد زخمی ہیں۔
دوسری جانب صوبہ خیبرپختونخوا کے حکام کے مطابق ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ کے پولیس سٹیشن کی مسجد میں جمعے کے خطبے کے دوران دو خودکش دھماکے ہوئے جن میں اب تک تین اموات کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہنگو فضل اکبر کے مطابق آج نماز کے دوران دو خودکش حملے ہوئے۔ ایک دھماکہ مسجد کے گیٹ پر ہوا جس کے بعد نمازی باہر چلے گئے اور یوں زیادہ تر لوگ بچ گئے۔
ان کے مطابق ’ریسکیو کا عملہ اور ایمبولینسز وقت پر پہنچ گئی تھیں۔ ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔‘