پاکستان کے ’سٹار سکولز‘ نے یونیسکو انعام جیت لیا

پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (پیج) کے پروجیکٹ ’سٹار سکولز‘ نے لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کے لیے یونیسکو کا انعام برائے 2023 جیت لیا ہے۔

28  ستمبر 2023 کی اس تصویر میں چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ تقریب میں پیج کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فجر رابعہ پاشا (تصویر کی دائیں جانب) چین کی خاتون اول پینگ لیوآن سے انعامی شیلڈ وصول کرتے ہوئے (تصویر: پرمیننٹ ڈیلی گیشن آف پاکستان ٹو یونیسکو ایکس اکاؤنٹ)

پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (پیج) کے پروجیکٹ ’سٹار سکولز‘ نے لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کے لیے یونیسکو کا انعام برائے 2023 جیت لیا ہے، جس پر یونیسکو میں پاکستان کے مستقل وفد نے مبارک باد دی ہے۔

جمعرات (28 ستمبر) کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہونے والی تقریب میں پیج کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فجر رابعہ پاشا نے چین کی خاتون اول پینگ لیوآن سے انعامی شیلڈ وصول کی۔

ایوارڈ وصول کرتے وقت پیج کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فجر رابعہ پاشا نے کہا کہ ’اگرچہ ہم لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے میں ہونے والی پیش رفت کا جشن منا رہے ہیں، لیکن ہمیں ان چیلنجوں کو بھی تسلیم کرنا چاہیے جو اب تک برقرار ہیں۔ ‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس لمحے کو لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے اپنی کوششوں کے حوالے سے ایک نئے عزم کے طور پر استعمال کرنا چاہیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہر لڑکی کو، چاہے اس کے حالات کچھ بھی ہوں، سیکھنے، بڑھنے اور اپنے خوابوں کو حاصل کرنے کا موقع ملے۔

پیج کی ڈیویلپمنٹ آفیسر ملیحہ زیدی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کی تنظیم یونیسکو کا یہ پرائز جیتنے والی ’پہلی پاکستانی تنظیم‘ ہے۔

2014 میں قائم کی جانے والی اس غیر منافع بخش تنظیم کے بانی ڈاکٹر طارق چیمہ ہیں جبکہ اس کی ایک ذیلی تنظیم برطانیہ میں بھی رجسٹرڈ ہے۔

ملیحہ زیدی نے یونیسکو پرائز کے حوالے سے بتایا کہ ہر سال دنیا بھر سے مختلف افراد اور تنظیمیں اپنی اپنی نامزدگیاں جمع کرواتی ہیں۔ ’پیج نے بھی اس سال اپنے پروجیکٹ سٹار سکولز کے ساتھ اپنی نامزدگی بھیجی، جس میں ہمیں حکومت پاکستان کی معاونت بھی حاصل رہی۔‘

انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر سے آنے والی نامزدگیوں کی جانچ پڑتال ایک آزاد بین الاقوامی جیوری نے کی، جس کی سفارشات کی روشنی میں یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل آڈری ازولے نے پیج کو یہ اعزاز عطا کیا۔

لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کے لیے خدمات پر دیے جانے والے یونیسکو کے اس انعام میں تعریفی شیلڈ کے ساتھ ساتھ 50 ہزار ڈالر بھی شامل ہیں۔

ملیحہ نے بتایا کہ ان کی تنظیم 2016 سے پاکستان میں نان فارمل ایجوکیشن پر کام کر رہی ہے اور ’سٹار سکولز‘کے نام سے پورے ملک میں 170 سکول قائم کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بقول ملیحہ: ’ہم نے پورے پاکستان سے 62 اضلاع کی شناخت کی اور وہاں سٹار سکولز قائم کیے۔‘

ان سکولوں میں ان بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے، جن کے والدین انہیں پڑھانے کی استطاعت نہیں رکھتے یا وہ چائلڈ لیبر کر رہے ہوتے ہیں اور چونکہ ان میں سے بعض بچوں کی عمر زیادہ ہوتی ہے اور وہ پرائمری تعلیم حاصل کرنے کی عمر سے باہر نکل جاتے ہیں، لہذا نہیں نان فارمل ایجوکیشن سسٹم کے ذریعے تین سال میں پرائمری کی تعلیم دی جاتی ہے۔

ملیحہ زیدی نے بتایا کہ اس سلسلے میں نصاب جاپان کی تنظیم جائیکا (JICA) سے منظور شدہ ہے اور دنیا بھر میں جہاں بھی نان فارمل ایجوکیشن دی جاتی ہے، وہاں یہی نصاب پڑھایا جاتا ہے۔

انہوں نے سٹار سکولز کو ’کمیونٹی سکول‘ قرار دیا، جہاں اساتذہ بھی اسی کمیونٹی سے لیے جاتے ہیں، جہاں یہ سکول موجود ہیں، تاکہ ان کی ملازمت کے بھی مواقع ہوں۔

ملیحہ نے فنڈنگ کے حوالے سے یہ بھی بتایا کہ سٹار سکول چند اداروں کے اشتراک سے کام کرتے ہیں اور یو این ویمن کی ذیلی تنظیم ’ڈبلیو پی ایچ‘ نے ایسے 15 سکولوں کے لیے ان سے اشتراک کر رکھا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ اور بلوچستان کے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی پیج نے 42 ٹیمپرری لرننگ سکول (ٹی ایل سی) قائم کر رکھے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس