ورلڈ کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست

جمعے کو حیدرآباد میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے نیدرلینڈز کو 287 رنز کا ہدف دیا، جواب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 205 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

چھ اکتوبر، 2023 کی اس تصویر میں انڈیا کے شہر حیدرآباد میں ورلڈ کپ میچ کے دوران پاکستانی بولر حارث رؤف نیدرلینڈز کے کھلاڑی کی وکٹ گرانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے(اے ایف پی/نوح سلیم)

پاکستان نے انڈیا کے شہر حیدرآباد میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 286 رنز بنائے، جواب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بنا سکی۔

جمعے کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔

فخر زمان ایک  بار پھر ناکام ہوئے اور 15 گیندوں پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کے لیے آئے تاہم وہ دہرے ہندسے میں داخل ہوئے بغیر 18 گیندوں پر پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز امام الحق تھے جو 19 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ان تین وکٹوں کے بعد پاکستانی ٹیم کی اننگز کو محمد رضوان اور سعود شکیل نے سنبھالا دیا اور دونوں کھلاڑیوں کی نپی تلی بلے بازی کی بدولت پاکستانی ٹیم نے 32 اوورز میں 188 رنز بنا لیے۔ 

محمد رضوان اور سعود شکیل دونوں نے نصف سینچریاں سکور کیں۔ دونوں بلے باز 68، 68 رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے ٹاپ سکورر رہے۔

محمد نواز نے اننگز کے آخری اوور میں پاکستان کی اننگز کو مزید بہتر بناتے ہوئے 39 جبکہ شاداب خان نے 32 رنز بنائے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈ نے 62 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ 

نیدرلینڈز کی ٹیم نے پاکستانی ہدف کا تعاقب پراعتماد انداز میں کیا لیکن وقفے وقفے سے گرتی وکٹوں کے بدولت نیدرلینڈز کی ٹیم کسی بھی موقعے پر میچ پر اپنی گرفت مضبوط نہ کر سکی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نیدرلینڈز کی جانب سے وکرم جیت سنگھ نے 52 اور باس ڈی لیڈ نے 67 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین اور حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کے سعود شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کا افتتاحی میچ عام طور سنسی خیز رہتا ہے لیکن راجیو گاندھی سٹیڈیم میں آج ہونے والے میچ میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی وجوہات اور ویزا مسائل کے باعث مہمان ٹیم اپنے ملک کے شائقین کے بغیر ہی میدان میں اتری۔

پاکستان گزشتہ دو ورلڈ کپ ایونٹس میں مسلسل پہلا اور آخری پانچ میں سے چار میچ ہار چکا ہے۔

نیدرلینڈز نے اپنے 15 ورلڈ کپ میچوں میں سے صرف دو جیتے ہیں۔ اس ٹیم کو آخری کامیابی 2007 میں سکاٹ لینڈ کے خلاف حاصل ہوئی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ