نسیم شاہ ٹھیک ہو کر دو سے تین ماہ میں ٹیم میں ہوں گے: والد

نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کے والد مظفر شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو کے ساتھ خصوصی گفتگو کی جس میں ان کی صحت یابی، ٹیم میں واپسی اور شادی جیسے موضوعات پر بات کی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے والد کے نے اپنے بیٹے کی انجری سے متعلق بتایا کہ وہ دو سے تین ماہ میں ٹھیک ہوجائے گی اور تین ماہ بعد نوجوان کھلاڑی قومی ٹیم میں بولنگ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

دیر لوئر کے گاؤں جندول معیار سے تعلق رکھنے والے نوجوان قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ کے والد مظفر شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو کے ساتھ خصوصی گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا: ’ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ نسیم  تین مہینے بعد ٹیم میں واپس آ جائیں گے اور اپنی پریکٹس وغیرہ شروع کریں گے۔ اور تین مہینے بعد وہ قومی ٹیم میں دوبارہ ہوں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’نسیم شاہ کو بچپن سے کرکٹ کھیلنے کا جنوں کی حد تک شوق تھا اور رات کو کرکٹ سے لیٹ آنے پر مجھ سے کئی مرتبہ مار بھی کھا چکے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’یہی جنونی شوق نسیم شاہ کو قومی کرکٹ ٹیم تک لے گیا ہے۔‘

62 سالہ مظفر شاہ نے بتایا: ’میرے چھ بیٹے ہیں جس میں نسیم شاہ کا چوتھا نمبر ہے اور میرے دو اور بیٹے بھی کرکٹ کھیل رہے ہیں جس میں ایک ڈومیسٹک کرکٹ اور ایک انڈر19 ٹیم میں کھیل رہے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’نسیم شاہ پڑھائی میں بھی اچھے تھے لیکن ان کو کرکٹ کا شوق حد سے زیادہ تھا اور میٹرک کے بعد تمام تر توجہ کرکٹ کو ہی دی۔‘

ان کے مطابق ’نسیم شاہ کے گاؤں جندول معیار میں کرکٹ کھیلنے کے لیے کوئی گراونڈ نہیں ہے اور نسیم شاہ گھر، گلی کوچوں اور قدرتی پانی کے نالوں میں کھیل کر آگے گئے ہیں اور گاؤں کے دیگر بچے بھی اس طرح کھیلتے ہیں۔‘

’امتحانوں سے بھرا کیریئر‘

فاسٹ بولر کے والد نے بتایا کہ ’نسیم شاہ کا کرکٹ کیریئر امتحانوں سے بھرا ہے، جب وہ چھوٹے تھے اور کوئٹہ گلیڈیٹر کی ٹیم کے لیے منتخب ہوئے اور جب دبئی کے لیے جانا تھا تو کمر کی چوٹ کا شکار ہوگئے اور نو مہینے تک علاج ہوتا رہا لیکن انہوں نے حوصلہ نہیں ہارا اور پھر کوئٹہ گلیڈیٹر ٹیم کا حصہ بنے۔‘

نسیم شاہ کے والد نے بیٹے کی پیشے میں سختیوں کے حوالے سے بتایا: ’جب پہلی مرتبہ قومی ٹیم میں آسٹریلیا کے دورے کے لیے منتخب ہوئے تو میچ سے پہلے اچانک ان کی والدہ کی وفات ہو گئی۔ وہ بھی ان کے لیے بڑا صدمہ تھا اور وہ والدہ کے جنازے میں بھی شرکت نہ کرسکے اور اسی دن انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف میچ  بھی کھیلا جبکہ والدہ کے جنازے کا دیدار ویڈیو کے ذریعے کرایا گیا۔‘

ان کے مطابق ’نسیم اپنی والدہ سے محبت کی وجہ سے ان کی موت پر بہت جذباتی تھے کیونکہ والدہ نسیم کی خواہش پر لاہور جا رہی تھیں اور راستے میں فوت ہو گئیں۔‘

ان کے بقول: ’اب بھی نسیم کہتے ہیں کہ ماں کی یاد آنے کی وجہ سے وہ لاہور سے گاؤں کم جاتے ہیں کیوںکہ وہاں گھر میں ماں کے نہ ہونے سے پریشان ہو جاتے ہیں۔‘

 نسیم شاہ کے والد مظفر شاہ نے بتایا: ’والدہ نسیم شاہ کو راتوں کو دعائیں دے رہی تھیں اور میرا سو فیصد یقین ہے کہ ان کی دعائیں قبول ہوئی ہیں اور قبول ہوں گی۔ میرا اللہ پر پورا یقین ہے کہ نسیم پاکستان کے لیے اور بھی نام کمائے گا۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’قومی سٹار بننے کے بعد نسیم کا رویہ بہت اچھا ہوگیا ہے اور وہ بڑوں کی عزت کرتے ہیں اور جہاں بھی جاتے ہیں تو بچوں کو بہت پیار دیتے ہیں اور ان کے اس رویے سے لوگ خوش ہو جاتے ہیں۔‘

نسیم شاہ شادی کب کریں گے؟

مظفر شاہ نے نسیم شاہ کی شادی کے بارے میں بتایا: ’ہمارے پختونوں میں نوجوان لڑکوں کی شادی جلدی کرنے کا رواج ہے لیکن نسیم سے جب شادی کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ میرا کیریئر ہے اور تین چار سال تک میرا شادی کا اردہ نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا: ’تین چار سال بعد پٹھانوں کے رواج کے مطابق باہمی مشاورت کے ساتھ جہاں مقدر ہوا ادھر کریں گے۔ نسیم کے رشتے کے لیے میری بھی مرضی ہو گی اور نسیم شاہ سے بھی پوچھیں گے۔‘

جب ان سے ٹیم کی کارکردگی اور نسیم شاہ کے رول سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا: ’ہماری دعائیں تو ساری ٹیم کے لیے ہیں جتنے پاکستانی کھلاڑی ہیں ہم تو سب کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ اکیلے نسیم شاہ کیا کریں گے؟‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ