آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی انعامی رقم کا اعلان

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ایک خاتون دو فروری 2025 کو ملتان میں ایک تقریب کے دوران ملتان کرکٹ سٹیڈیم کے باہر دکھائی گئی ’آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025‘ کو دیکھ رہی ہے (شاہد سعید مرزا / اے ایف پی)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کی فاتح ٹیم کے لیے انعامی رقم کا اعلان جمعے کو کر دیا گیا۔

آئی سی سی کے بیان کے مطابق 2017 کے بعد پہلی بار ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ فاتح کو 22 لاکھ 40 ہزار امریکی ڈالر انعامی رقم کے ساتھ ٹرافی بھی دی جائے گی، جس کا فیصلہ نو مارچ 2025 کو ہو گا۔

’رنرز اپ ٹیم کو 11 لاکھ 20 ہزار ڈالر ملیں گے، جبکہ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیموں کو 5 لاکھ 60 ہزار ڈالر فی ٹیم دیے جائیں گے۔‘

اعلامیے میں کہا گیا کہ اس ٹورنامنٹ کے لیے کل انعامی رقم 69 لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے، جو 2017 کے مقابلے میں 53 فیصد زیادہ ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی میں ہر میچ اہم ہے، اور گروپ مرحلے میں ہر جیتنے والی ٹیم کو 34 ہزار ڈالر سے زیادہ کی رقم ملے گی۔

پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر رہنے والی ٹیموں کو تین لاکھ 50 ہزار ڈالر، جبکہ ساتویں اور آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ، تمام آٹھ ٹیموں کو آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔

1996 کے بعد پاکستان میں ہونے والا یہ پہلا عالمی کرکٹ ٹورنامنٹ دو ہفتے پر مشتمل ایک سنسنی خیز ایونٹ ہو گا، جس کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

اس سال کے ٹورنامنٹ کا فارمیٹ کچھ یوں ہوگا کہ آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، اور ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔

آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی کا ٹورنامنٹ ہر چار سال بعد ہوتا ہے، جس میں دنیا کی آٹھ بہترین ون ڈے انٹرنیشنل  ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، جبکہ خواتین کی چیمپئنز ٹرافی 2027 میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں متعارف کرائی جائے گی۔

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا: ’آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کرکٹ کے لیے ایک اہم موقع ہے، جو ایک ایسے ٹورنامنٹ کی واپسی ہے جو ون ڈے کرکٹ کی بہترین صلاحیت کو نمایاں کرتا ہے، جہاں ہر میچ فیصلہ کن ہوگا۔

’انعامی رقم میں قابل ذکر اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آئی سی سی کھیل میں سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے اور اپنے عالمی مقابلوں کی ساکھ برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ مالی فوائد سے ہٹ کر، یہ ٹورنامنٹ زبردست مقابلے بازی کو جنم دیتا ہے، دنیا بھر کے شائقین کو محظوظ کرتا ہے اور کرکٹ کی ترقی اور طویل مدتی پائیداری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ