نیپال میں ہفتے کی صبح آنے والے زلزلے میں درجنوں افراد جان سے گئے جب کہ 132 سے زیادہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیپال کے صوبے کرنالی کے دور دراز علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں حکام کے مطابق اس کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی۔
حکام کے مطابق ریسکیو کے کاموں کے لیے سکیورٹی فورسز کو تعینات کیا جا رہا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزے کا مرکز جوملا شہر سے 42 کلومیٹر دور تھا جس کی گہرائی 18 کلو میٹر تھی۔
نیپال کے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں مقامی افراد کو لوگوں کو ملبے سے نکالنے کی کوششیں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں زیادہ تر مٹی کے گھر ہیں جو سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے اس کے مرکز سے 500 کلو میٹر دور انڈیا کے درالحکومت نئی دہلی تک بھی محسوس کیے گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
روئٹرز نے پولیس حکام کے حوالے بتایا ہے کہ زلزلے سے کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔
کرنالی صوبے کی پولیس کے ترجمان گوپال چندرا نے اے ایف پی کو بتایا کہ زلزلے سے کم از کم ایک سو سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے تاہم دور دراز علاقوں تک مشکل رسائی کے باعث معلومات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی رپورٹس کے مطابق زلزلے سے ہونے والی اموات اور زخمیوں کی تعداد سینکڑوں میں ہو سکتی ہے۔