خواتین میں حسن کا مقابلہ مس یونیورس 2023 نکاراگوا کی 23 سالہ حسینہ شینس پالاسیوس نے جیت لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رواں سال مس یونیورس کے 72 ویں ایڈیشن کا اہتمام اتوار کو ایل سلواڈور میں کیا گیا۔
مقابلہ جیتنے والی حسینہ شینس پالاسیوس کو امریکہ سے تعلق رکھنے والی ان کی پیشرو آر بونی گیبریل نے تاج اور پٹی پہنائی جس پر مس یونیورس کے الفاظ درج تھے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ نکاراگوا سے تعلق رکھنے والے کسی خاتون نے مس یونیورس کا مقابلہ جیتا ہے۔
پالاسیوس کا کہنا تھا کہ وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر عاجزی اور شکر گزاری کو اپنی بنیادی خوبیاں سمجھتی ہیں۔
انہوں نے مس یونیورس کے مقابلے میں حصہ لینے والی 84 خواتین میں کامیابی حاصل کی۔ سوئمنگ سوٹ، شام کے گاؤن اور روایتی لباس میں تصاویر بنوانا ایک ہفتہ جاری رہنے والے مس یونیورس کے مقابلے کا حصہ تھا۔
جیوری کو دیے گئے اپنے آخری جواب میں پالاسیوس نے صنف سے قطع نظر مساوی تنخواہ کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خواتین ’کسی بھی شعبے میں کام کر سکیں۔ خواتین کے لیے کوئی حد مقرر نہیں ہونی چاہیے۔‘
مقابلے میں شریک تمام خواتین نے ایل سلواڈور کے دارالحکومت سان سلواڈور میں تازہ سجائے گئے ایڈولفو پینیڈا نیشنل جمنیزیم میں قائم سٹیج پر واک کی۔
مس یونیورس کے مقابلے کے لیے منعقدہ تقریب میں ایل سلواڈور کے صدر نیئب بوکیلے نے بھی شرکت کی۔ مقابلے کے منتظمین نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگلے ایڈیشن کا اہتمام میکسیکو میں کیا جائے گا۔