ڈراما ’سکون‘: محبت اور دھوکے کی کہانی

ایک شاندار کاسٹ اور لاجواب ہدایت کاری کے ساتھ ’سکون‘ ایک فکر انگیز اور دلکش بیانیہ پیش کرتے ہوئے ناظرین میں دلچسپی برقرار رکھنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

ڈرامے میں ثنا جاوید، احسن خان، خاقان شاہنواز، عدنان صمد اور سدرہ نیازی مرکزی کردار نبھا رہے ہیں  (سکرین گریب بشکریہ اے آر وائے)

ہر جمعرات اور جمعے کو اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر ہونے والا ڈراما ’سکون‘ ہمارے معاشرے کے ایک اہم سماجی مسئلے کو اجاگر کر رہا ہے اور اسی لیے عوام میں بے حد مقبول ہے۔

یہ ایک محبت کی کہانی ہے، وہ کہانی جو موجودہ دور میں نوجوان نسل خاص طور پر لڑکیوں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالتی ہے۔

ڈرامے میں ثنا جاوید، احسن خان، خاقان شاہنواز، عدنان صمد اور سدرہ نیازی مرکزی کردار نبھا رہے ہیں جبکہ معاون اداکاروں میں منجھے ہوئے اداکار عثمان پیر زادہ، عتیقہ اوڈھو، لیلیٰ واسطی، احسن تابش اور قدسیہ علی شامل ہیں۔

 ڈرامے کی کہانی محبت، اس میں ملنے والے دھوکے، چوٹ اور رومانس کا ایک پیچیدہ سلسلہ ہے۔

آئی ڈریم پروڈکشن کے بینر تلے بننے والے اس ڈرامے کو دراڑ، بدذات، داسی اور رمز عشق جیسی مقبول کہانیاں لکھنے والی مصنفہ مصباح نوشین نے تحریر کیا ہے۔

حال ہی میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑنے والے ڈرامے ’تیرے بن‘ کے ہدایت کار سراج الحق ’سکون‘ کی بھی ہدایت کاری کا فریضہ نبھا رہے ہیں۔

ثنا جاوید بطورعینا ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں جن کا رشتہ بچپن سے ان کی پھوپھی کے بیٹے عثمان (عدنان صمد) سے طے کر دیا جاتا ہے۔

لیکن پھر وہ اپنی ایک دوست کی شادی میں رضا (خاقان شاہنواز) سے ملتی ہیں جو امیر خاندان کا بگڑا ہوا نوجوان ہے۔

بچپن سے ہر من چاہی شے حاصل کرنے کی ضد کرنے والے رضا ناصرف عینا کو اپنی چکنی چپڑی باتوں کے جال میں پھانستے ہیں بلکہ ان کی والدہ اور چھوٹی بہن کو بھی اپنا گرویدا بنا لیتے ہیں جو پہلے ہی ان کے منگیتر عثمان کی بری عادات سے تنگ آ کر رضا کو عینا کے لیے بہتر آپشن سمجھ لیتی ہیں۔ 

رواں ہفتے نشر ہونے والی اقساط میں یہ کہانی ایک دلچسپ موڑ لیتی ہے جب رضا عینا کو شادی کے لیے اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور کر دیتے ہیں لیکن فوٹوگرافی کے لیے امریکہ جانے کی خواہش اس محبت پر غالب آ جاتی ہے اور وہ اپنا گھر بار اور سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر آنے والی عینا کو قبول کرنے سے انکار کر دیتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈرامے میں رضا کے کزن ہمدان (احسن خان ) ایک سلجھے ہوئے اور خود انصحار شخص کے کردار میں نظر آتے ہیں۔

گھر سے بھاگی ہوئی عینا کو جب رضا کے کزن ہمدان ان کے گھر واپس چھوڑنے جاتے ہیں تو ان کے والد، سابق منگیتر اور پھوپھی کے دباؤ میں انہیں ’بد کردار‘ قرار دے کر ساتھ آئے ہمدان سے ان کا نکاح پڑھوا دیا جاتا ہے۔

کہانی کیسے آگے بڑھے گی اور کیا ہمدان اور عینا اس زبردستی کے بندھن کو نبھا پائیں گے یا نہیں اس بارے میں آنے والی اقساط میں ہی معلوم ہو گا لیکن یہاں تک پیش کی گئی کہانی ہمارے معاشرے میں رونما ہونے والے کئی ایسے واقعات کی عکاسی کرتی ہے جہاں لڑکیاں محبت کے جال میں پھنس کر اپنی اور اپنے خاندان کی زندگیاں اجیرن بنا لیتی ہیں۔

ضروری نہیں کہ تمام کہانیوں کا انجام ایک جیسا ہو یا تمام لڑکے جعلی محبت کا دعویٰ کرکے دھوکہ دیتے ہوں لیکن معاشرے میں اکثر سامنے آنے والے واقعات اس تلخ حقیقت کی عکاسی کر رہے ہوتے ہیں۔

حال ہی میں ملتان میں ایک لڑکی نے محبت کی خاطر گھر چھوڑنے کا فیصلہ کیا لیکن اس کا انجام ایک سانحے کی صورت میں نکلا جب لڑکی کے خاندان نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد اسے اپنی جان لیے کا انتہائی قدم اٹھانا پڑا۔  

’سکون‘ ڈرامے کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ ایک شخص کی حماقت اور خود غرضی کیسے اس کے گرد لوگوں کی زندگیوں کو یکسر بدل سکتی ہے۔

یہ ڈراما زندگی میں توازن، تربیت، دماغی صحت اور وفاداری جیسے موضوعات کا احاطہ کرتا ہے۔

ایک شاندار کاسٹ اور لاجواب ہدایت کاری کے ساتھ ’سکون‘ ایک فکر انگیز اور دلکش بیانیہ پیش کرتے ہوئے ناظرین میں دلچسپی برقرار رکھنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی