تیل پیدا کرنے والی سعودی عرب کی سرکاری کمپنی آرامکو پاکستان میں گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ کے 40 فیصد حصص خریدنے کا معاہدہ کرنے کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کی فیول ریٹیل مارکیٹ میں قدم رکھنے جا رہی ہے۔
گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (گو) پاکستان کی بڑی ریٹیل اور سٹورج کمپنیوں میں سے ایک ہے جو ملک میں ایندھن، لیوبریکینٹس اور سہولیات فراہم کرتی ہے۔
اس معاہدے کا اعلان آرامکو اور گو کی جانب سے منگل 12 دسمبر کو جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا ہے۔
یہ معاہدہ آرامکو کو والولین برانڈڈ لیوبریکینٹس کی اپنی بہتر مصنوعات کے لیے اضافی آؤٹ لیٹس کو بنانے میں مدد کرے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ آرامکو کا پاکستان کی ریٹیل مارکیٹ میں پہلا قدم ہے جو کمپنی کی حکمت عملی کے مطابق بین الاقوامی سطح پر اپنی ڈاون سٹریم ویلیو چین کو مضبوط کرنے کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔