آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’پیراسائٹ‘ کے اداکار لی سن کی موت

منشیات کے خلاف جاری حکومتی کریک ڈاؤن کے دوران لی سن کے خلاف منشیات کے غیر قانونی استعمال کے بارے میں تفتیش جاری تھی۔

23 دسمبر 2023 کو لی گئی اس تصویر میں جنوبی کوریا کے اداکار لی سن کیون انچیون کے ایک پولیس سٹیشن میں منشیات کے مبینہ استعمال کے حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے آتے ہوئے (اے ایف پی)

آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’پیراسائٹ‘ میں اپنے کردار کے لیے مشہور جنوبی کوریا کے معروف اداکار لی سن کیون بدھ کو مردہ حالت میں پائے گئے۔ ان کی عمر 48 سال تھی۔

منشیات کے خلاف جاری حکومتی کریک ڈاؤن کے دوران لی سن کے خلاف منشیات کے غیر قانونی استعمال کے بارے میں تفتیش جاری تھی۔

خبررساں ادارے یونہاپ کے مطابق وہ بدھ کو دارالحکومت سیئول کے ضلع سیونگبک میں کھڑی اپنی کار میں پائے گئے تھے۔

اداکار کے منیجر نے ان کی تلاش شروع کی اور پولیس سے رابطہ کیا، جس نے لی سن کی شناخت کی تصدیق کی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لی سن کی اہلیہ کو ان کے گھر سے جانے کے بعد مبینہ طور پر ایک خودکشی نوٹ ملا اور پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اداکار نے خودکشی کی ہے یا نہیں۔

یونہاپ کے مطابق، منشیات کے خلاف جاری حکومتی کریک ڈاؤن کے دوران لی سے منشیات کے غیر قانونی استعمال پر تفتیش کی جا رہی تھی۔

لی کی ایجنسی ’ہوڈو اینڈ یو انٹرٹینمنٹ‘ نے بدھ کو ایک بیان جاری کیا، جس میں میڈیا پر زور دیا گیا کہ وہ کسی قسم کے بدنیتی پر مبنی تبصرے کرنے یا غلط معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔ بیان میں کہا گیا، ’جنازہ خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں کے ساتھ نجی طور پر ادا کیا جائے گا۔‘

جنوبی کوریا میں منشیات سے متعلق قوانین سخت ہیں اور عام طور پر منشیات سے متعلق جرائم کے نتیجے میں کم از کم چھ ماہ قید کی سزا دی جاتی ہے، جبکہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد اور عادی مجرموں کو 14 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یونہاپ کی رپورٹ کے مطابق لی سن کو مبینہ طور پر چرس اور دیگر غیر قانونی منشیات استعمال کرنے کے شبہ میں تین بار پولیس کے سوالات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ واقعات مبینہ طور پر سیئول کے ضلع گنگنام میں ایک بہت بڑے بار میں ملازمت کرنے والی خاتون کے گھر پر اس سال کے آغاز سے پیش آئے، جن میں گذشتہ ہفتے کا ایک واقعہ بھی شامل ہے۔

ہفتے کی رات 19 گھنٹے کی پولیس تفتیش کے بعد لی نے مبینہ طور پر اپنے اور میزبان کے درمیان سچائی کا پتہ لگانے کے لیے جھوٹ پکڑنے والے پولی گراف ٹیسٹ کے لیے کہا۔

کوریا ہیرالڈ کے مطابق، اس خاتون نے، جن کی عمر 20 کے پیٹے میں ہے، دعویٰ کیا کہ لی نے اپنی رہائش گاہ پر متعدد مواقع پر منشیات کا استعمال کیا تھا۔ اخبار نے یہ اطلاع بھی دی ہے کہ لی نے خاتون کے خلاف شکایت درج کروائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اس نے بلیک میل کر کے ان سے ساڑھے تین کروڑ وون (دو لاکھ 70 ہزار ڈالر) بھتہ لیا۔

نومبر میں، پولیس کی تفتیش کے دوران ان کا منشیات کے لیے ٹیسٹ کیا گیا جو منفی نکلا۔

2019  کی کامیڈی تھرلر فلم ’پیراسائٹ‘ 2020 میں بہترین فلم کا اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والی پہلی غیر انگریزی زبان کی فلم بن گئی تھی۔ فلم نے چار آسکرز کے علاوہ ایک گولڈن گلوب، ایک بافٹا اور ایک سکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈ اپنے نام کیا۔

لی سن نے مختلف جنوبی کوریائی فلموں میں نمایاں کردار ادا کیے، جیساکہ 2012 کی ’ہیلپ لیس‘ اور 2014 کی فلم ’آل اباؤٹ مائی وائف‘ وغیرہ۔ انہوں نے آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم ’پیراسائٹ‘ میں دکھائے گئے ایک امیر خاندان کے باپ کا کردار بھی ادا کیا۔

2021  میں لی سن نے ایپل ٹی وی پلس کی افتتاحی کوریائی زبان کی اصل سیریز ڈاکٹر برین میں مرکزی کردار ادا کیا۔ چھ اقساط پر مشتمل یہ سائنس فکشن تھرلر فلم ایک سٹوئک نیورولوجسٹ کوہ سی ون کے گرد گھومتی ہے، جو دماغ کے پیچیدہ تجربات سے ایک پراسرار خاندانی حادثے کے اشارے ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس خبر میں ایجنسیوں کی اضافی رپورٹنگ بھی شامل ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم