ہارورڈ یونیورسٹی کی صدر کلاڈین گے نے آئیوی لیگ یونیورسٹی کے کیمپس میں سرقہ بازی کے الزامات اور یہود دشمنی کے تنازعے کے بعد استعفیٰ دے دیا ہے۔
ہارورڈ یونیورسٹی کی پہلی سیاہ فام صدر ڈاکٹر گے نے منگل کو محض چھ ماہ اور دو دن بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ستمبر 1636 میں قائم ہونے والی یونیورسٹی کی شاندار تاریخ میں بحیثیت انچارج ان کی مدت ملازمت سب سے مختصر ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا، ’میں ہارورڈ یونیورسٹی سے گہری محبت اور بھاری دل کے ساتھ لکھ رہی ہوں کہ میں صدر کا عہدہ چھوڑ رہی ہوں۔ یہ فیصلہ میں نے آسانی سے نہیں کیا۔‘
انہوں نے کہا، ’یقیناً یہ الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے کیونکہ میں آپ میں سے بہت سے لوگوں کے ساتھ مل کر تعلیمی مہارت کے عزم کو آگے بڑھانے کی منتظر ہوں جس نے صدیوں سے اس عظیم یونیورسٹی کو آگے بڑھایا ہے۔
’لیکن کارپوریشن کے ممبران کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ واضح ہوا کہ یہ ہارورڈ کے بہترین مفاد میں ہے کہ میں استعفیٰ دوں تاکہ ہماری کمیونٹی کسی فرد کے بجائے ادارے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے غیر معمولی چیلنج کے اس لمحے سے نمٹ سکے۔‘
یونیورسٹی نے اعلان کیا کہ ڈاکٹر گے یونیورسٹی میں دوبارہ اپنی فیکلٹی پوزیشن پر چلی جائیں گی۔ ان کی جگہ عبوری بنیادوں پر پرووسٹ اور چیف اکیڈمک آفیسر ایلن گاربر لیں گے جبکہ یونیورسٹی کو ایک نئے صدر کی تلاش ہے۔
گذشتہ کئی ماہ کے دوران یونیورسٹی نے تنقید سے ڈاکٹر گے کا دفاع بھی کیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یونیورسٹی نے ایک بیان میں کہا، ’اگرچہ صدر گے نے غلطیوں کا اعتراف کیا اور ان کی ذمہ داری قبول کی ہے، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ انہوں نے انتہائی ذاتی اور مسلسل حملوں کا سامنا کرتے ہوئے قابل ذکر برداشت کا مظاہرہ کیا ہے۔‘
مزید کہا گیا، ’اگرچہ اس میں سے کچھ عوام میں رونما ہوئے ہیں لیکن اس میں سے زیادہ تر نے نفرت انگیز شکل اختیار کر لی ہے اور بعض معاملوں میں ان کے خلاف شرمناک ای میلز اور فون کالز کے ذریعے تنقید کی گئی ہے۔ ہم اس طرح کے حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔‘
ڈاکٹر گے کا استعفیٰ پانچ دسمبر کو کانگریس کے سامنے پیش ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس پیشی میں انہوں نے سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے اور غزہ میں اسرائیل کے فوجی ردعمل کے بعد یہود دشمنی کے خلاف یونیورسٹی کے ردعمل کا دفاع کیا تھا۔
ڈاکٹر گے کو سرقہ بازی کے الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے، جن میں پیر کو واشنگٹن فری بیکن کی جانب سے شائع ہونے والی ایک غیر دستخط شدہ شکایت میں چھ نئے الزامات بھی شامل ہیں۔
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ان نئے الزامات کے بعد ڈاکٹر گے کے خلاف سرقہ بازی کے الزامات کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے۔
ڈاکٹر گے کو 12 دسمبر کو یونیورسٹی کی گورننگ باڈی ہارورڈ کارپوریشن کی جانب سے اعتماد کا ووٹ دیا گیا تھا۔ لیکن بورڈ نے یہ بھی کہا کہ وہ اکتوبر میں ان کے شائع شدہ تین مضامین کے بارے میں الزامات موصول ہونے کے بعد ان کے کام کا جائزہ لے رہا ہے۔
© The Independent