یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں حیران کن شکست کے محض تین روز بعد ہی سرینا ویلیمز ٹینس کورٹ سے سیدھی نیو یارک میں فیشن شو پہنچ گئیں تاکہ اپنے کپڑوں کے برینڈ ’ایس بائی سرینا ویلیمز‘ کی رونمائی کرسکیں۔
اس موقع پر وہ اپنی دو سالہ بیٹی اولمپیا کو بھی ساتھ لے آئیں۔ انہوں نے سانپ کی جلد والے ڈیزائن کی منی سکرٹ پہن رکھی تھی جو انہوں نے خود ڈیزائن کی تھی۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سرینا کے معروف مداح جن میں کم کارڈیشن، ٹی وی میزبان گائل کینگ اور ووگ فیشن میگزین کی ایڈیٹر اینا ون ٹور شامل ہیں بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شرکا میں می ٹو تحریک کی بانی ترانہ برک بھی تھیں جنہوں نے کہا کہ سرینا ’نہ صرف جسمانی طور پر بلکہ کئی حوالوں سے ایک مضبوط خاتون ہیں۔ میں ان کی ہمیشہ حمایت کرتی ہوں۔‘
یہ فیشن شو نیو یارک کے مین ہیٹن علاقے میں ایک گاڑھے بھورے کوٹ سے شروع ہوا جس کے بعد اسی کپڑے میں ایک سوٹ پیش کیا گیا۔ جانوروں کے پرنٹ میں کئی کوٹ اور ٹاپس بھی پیش کیے گئے۔
سینتیس سالہ سرینا نے اپنی بولڈ پرنٹس کی پسند کا اظہار نیلے یا سفید و سیاہ رنگوں سے کیا۔ لیکن اس شو کی بڑی تخلیقی بات اس وقت سامنے آئی جب دو ماڈلز نے ایک ہی طرز کا لباس، ایک پلس سائز میں اور ایک معمول کے سائز میں، پیش کر کے سائز کے بارے میں اہم بیان دیا۔
سرینا نے بعد میں سرخ قالین پر نوٹ کیا کہ ان کا ارادہ ’تمام رنگوں، پس منظر اور سائزز کی وسیع قسمیں دکھانا تھی ۔ محض خوبصورت عورتیں۔‘
برک نے سرینا کی لباس میں متنوع دکھانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا: ’مجھے سرینا سے محبت ہے۔ فیشن ایک اور دنیا ہے جسے انہیں فتح کرنا ہے۔‘