پاکستان فوج کی جانب سے جاری شدہ بیان میں آج عام انتخابات کے پرامن اور تشدد سے پاک انعقاد پر قوم کو مبارک باد پیش کی گئی ہے۔
راولپنڈی سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے انتخابی عمل کے دوران، سول طاقت کی مدد سے اور پاکستان کے آئین کے مطابق تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘
’تقریباً 6000 انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر ایک لاکھ 37 ہزار فوجی اہلکاروں اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کے ساتھ عوام کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنایا گیا۔‘
’51 بزدلانہ دہشت گرد حملوں کے باوجود، جن میں زیادہ تر کے پی اور بلوچستان میں تھے، جن کا مقصد انتخابی عمل میں خلل ڈالنا تھا، افواج پرعزم رہیں اور پورے پاکستان میں امن اور سلامتی کو مؤثر طریقے سے یقینی بنایا۔‘
پاکستان فوج کے جاری شدہ بیان کے مطابق ان حملوں میں 12 افراد (جن میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 10 اہلکار بھی شامل ہیں) جان سے گئے اور 39 زخمی ہوئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’فعال انٹیلیجنس کارروائی کے ذریعے بہت سے ممکنہ خطرات کو بے اثر کیا گیا، جو ہمارے شہریوں کے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ مختلف کارروائیوں کے دوران پانچ دہشت گرد بھی مارے گئے۔‘
’قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کا شکریہ واجب ہے جنہوں نے جمہوری عمل کے تحفظ کے لیے مسلح افواج کے ساتھ مل کر کام کیا۔ ہمیں پوری امید ہے کہ ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ انتخابات پاکستان میں جمہوریت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے محرک کا کام کریں گے نیز پاکستان کے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی راہ ہموار کریں گے۔‘
’مسلح افواج ملک میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے وقف ہیں اور ہماری ریاست کی جمہوری روایات کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل حمایت فراہم کرنے کو تیار ہیں۔‘
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔