پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے 10 مارچ کو پاکستان کے 14 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب میں ان کے ہمراہ ان کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری نے بطور ’خاتون اول‘ شرکت کی، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے خوشی کا اظہار کیا۔
آصفہ بھٹو زرداری کو خاتون اول کا درجہ دیے جانے کا اعلان ان کی بڑی بہن بختاور بھٹو زرداری نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کیا، جس میں انہوں نے لکھا: ’صدر زرداری کے ساتھ عدالت میں پیشیوں سے لے کر ان کی جیل سے رہائی تک ساتھ رہنے والی – اب ان کے ہمراہ بطور خاتون اول پاکستان، آصفہ بھٹو زرداری۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے بھی صدر آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی ٹویٹ شیئر کی گئی، جس کے ساتھ لکھا تھا: ’خاتون اول صدر مملکت کے ہمراہ۔‘
آصفہ بھٹو زرداری کو خاتون اول کا درجہ دیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، جن میں سے کئی افراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ بیٹی کو خاتون اول کا درجہ دیا گیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے لکھا: ’پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل۔ آصفہ بھٹو زرداری پاکستان میں خاتون اول کا خطاب حاصل کرنے والے صدر کی پہلی صاحبزادی بننے والی ہیں۔‘
ایکس صارف ماہم خانزاہ نے لکھا: ’میں بہت خوش ہوں کہ بہت سے اچھے چہرے سیاست میں آ رہے ہیں۔ آصفہ بھٹو زرداری امید ہے جلد ہی آپ کو پارلیمان میں دیکھوں گی۔‘
عادل علی نامی ایکس صارف کا کہنا تھا کہ ’آصفہ زرداری پاکستان کی خاتون اول بننے جا رہی ہیں۔ پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ایک بیٹی کو یہ مقام دیا جا رہا ہے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کے خاندان کو مبارک باد۔‘
چند ایکس صارفین نے اس جانب بھی توجہ مبذول کروائی کہ ایسا نہیں ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون اول صدر کی بیٹی بن رہی ہوں۔
صارف حسین حقانی نے لکھا: ’پاکستان میں، صدر ایوب خان کی خاتون اول ان کی بیٹی نسیم اورنگزیب تھیں۔ قائداعظم محمد علی جناح کی خاتون اول ان کی بہن محترمہ فاطمہ جناح تھیں۔
انہوں نے مزید لکھا: ’امریکہ کے نو صدور کی اہلیہ ان کی خاتون اول نہیں تھیں۔‘
سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی لکھا: ’ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا، آمر ایوب خان کی بیٹی بھی خاتون اول رہ چکی ہیں۔‘
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔