پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر چھ اپریل کو سعودی عرب جائیں گے۔
آٹھ فروری کے انتخابات کے بعد شہباز شریف ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے چار مارچ کو پاکستان کے 24ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔
پاکستانی وزارت خارجہ سے جمعے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم کے انتخاب کے بعد شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہو گا اور رمضان کے آخری ایام میں چھ سے آٹھ اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’وزیراعظم کی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔‘
بیان کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیراطلاعات عطا تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ ’وزیراعظم عمرہ ادا کریں گے اور مسجد نبوی میں نماز ادا کریں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مذہبی اور ثقافتی وابستگی پر ہیں۔ ’دونوں ممالک کی قیادت برادرانہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند بنانے کے لیے پرعزم ہے۔‘
گذشتہ ماہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ فوجی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی۔ انہوں نے بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
پاکستانی قیادت یہ کہتی آئی ہے کہ اسلام آباد ریاض کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
سعودی وزیر دفاع اور پاکستانی وزیراعظم کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی۔