پاکستان میں عید الفطر بدھ کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جبکہ اس پر مسرت موقعے پر وزیر اعظم اور صدرِ پاکستان نے قوم کو مبارک باد پیش کی۔
دوسری جانب ملک بھر میں نماز عید الفطر کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ہوا جہاں نماز کی ادائیگی کے بعد رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے خطبہ عیدالفطر دیا۔
اپنے خطبے میں ان کا کہنا تھا کہ امت کی کامیابی کا راز اتحاد میں ہے۔ ’اس اتحاد اور محبت کی بنیاد اپنے گھروں سے کیجیے۔ اپنے اہل خانہ سے محبت اور احترام کے ساتھ ساتھ اپنی اولاد کی اچھی تربیت کیجیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’لوگو، اللہ کے لیے ایک دوسرے سے محبت کرو۔ یہ اللہ کا حکم بھی ہے اور اللہ کے رسول نے باہمی محبت کا درس دیا ہے۔‘
انہوں نے خطبے میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالی ان کی مدد فرمائے اور مسلمانوں کو بھی حکمت، دانائی اور دعاؤں کے ذریعے فلسطین کے لوگوں کی مدد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا کہ ’اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے ہمیں رمضان جیسی نعمت سے نوازا اور ہم نے اس رمضان میں گناہوں سے بچنے اور باہمی یگانگت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ہمیں اپنی باقی زندگی کو بھی ایسے ہی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے جیسے ہم رمضان گزارتے ہیں۔‘
قران اور احادیث کے حوالے دیتے ہوئے ڈاکٹر عیسی کا کہنا تھا کہ انسان کی حرمت اللہ اور اس کے رسول کے نزدیک بہت زیادہ ہے اس لیے ہمیں اپنے باہمی میل جول روابت اور تعلق داریوں میں انسان کے احترام جذبات اور احساسات کو بالکل بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی معاشرے کی بنیادی اکائی خاندان ہے اور اسلامی نظام میں خاندان کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ اس لیے ہمیں اپنے گھروں میں اہل خانہ اور بچوں کے ساتھ بہترین سلوک اور احترام کا رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ اگر والدین اولاد کی بہترین تربیت کریں گے تو اس سے ایک بہترین اسلامی معاشرہ تشکیل پائے گا۔
پاکستانی حکومت کے ترجمان محمد عمر بٹ نے عرب نیوز کو بتایا کہ ڈاکٹر العیسیٰ فیصل مسجد میں عید کا خطبہ دینے کے بعد اسلام آباد میں اپنی تنظیم کے زیر انتظام چلنے والے یتیم خانے میں عید منانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرلڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اپنے دورے کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جدید ترین سیرت النبی میوزیم کے قیام کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے جس کے بعد میوزیم کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب ہو گی۔
بتایا جاتا ہے کہ منگل کو انہوں نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی۔
بٹ نے منگل کو مزید بتایا کہ یہ ڈاکٹر العیسیٰ کا نو روزہ دورہ ہے جس کے دوران وہ پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور وزیر مذہبی امور سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
فیصل مسجد کے خطیب مولانا ضیاء الرحمن نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل کی عید کے موقع پر پاکستان میں موجودگی اور خطبہ عید کو پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حج کے امام اور خطیب کا پاکستان میں عید کے موقع پر موجود ہونا ان کی پاکستان اور پاکستان کے عوام کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار ہے۔
نماز عید کے اجتماع میں شریک شہریوں نے بھی ڈاکٹر العیسی کے خطبے کو پسند کیا اور انہوں نے کہا کہ رابطہ عالمی اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے انتہائی مدلل انداز میں امت مسلمہ کو حسن اخلاق میانہ روی اور بہترین اسلامی قدروں کی تلقین کی ہے۔
نماز عید کے اجتماع کے اختتام پر ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے خصوصی دعا کی۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، افغانستان، قطر، فلپائن، ملائشیا اور آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔
عید الفطر کے موقعے پر مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ طویل عرصے بعد امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ سمیت یورپ میں مسلمان مشرقی ممالک کے ساتھ عیدالفطر منا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے۔ ادھر انڈیا اور بنگلادیش میں چاند نظر نہیں آیا جس کی وجہ سے انڈیا اور بنگلادیش میں عید جمعرات کو ہو گی۔ عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو اپنے عید الفطر کے پیغام میں پوری دنیا کے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ غاصب قوتوں کے ہاتھوں ظلم و جبر کا شکار ہونے والے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
وزیر اعظم نے بدھ کو جاری ایک بیان میں پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’میں اپنی پوری قوم سے یہ اپیل کروں گا کہ مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر، صاحبِ ثروت لوگ اپنے اردگرد موجود ایسے لوگوں کو اپنی خوشیوں میں ضرور شامل کریں جو معاشی طور پر کمزور ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عید معاشرے میں اپنے معاشی طور پر کمزور بہن بھائیوں کی خوشیاں دوبالا کرنے میں مدد کرنے کا نام ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عید کے اس موقعے پر ہم مٹی کے اُن بیٹوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس ملک کی امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نزانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔
’ہم اس موقعے پر اپنے ان بہادر سپوتوں کو بھی سلام کرتے ہیں جو ہر قسم کے جغرافیائی و موسمی حالات کی پرواہ کیے بغیر خوشی کے اس موقعے پر اپنے پیاروں سے دور سرحدوں کی حفاظت، ملکی امن و امان اور دنیا بھر میں امن مشنز میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ وطن کے یہ بہادر بیٹے اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے مجھ سمیت پوری قوم کے احترام اور عقیدت کے جذبات ہیں۔‘
صدر آصف علی زرداری نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ خوشی کے موقعے پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نہیں بھولنا چاہیے، جبکہ فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔