سعودی معاون وزیر دفاع میجر جنرل طلال بن عبداللہ العتیبی اپنے وفد کے ہمراہ منگل کی شب دیر گئے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں وہ عسکری قیادت اور دیگر حکام سے دفاع سے متعلق شعبوں میں تعاون کو حتمی شکل دیں گے۔
پاکستان کے وزارت دفاع کے اعلیٰ سطح وفد نے سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع میجر جنرل طلال بن عبداللہ العتیبی کا استقبال کیا۔
وزارت دفاع کے مطابق سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع آج (بدھ کو) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع شعبے میں تربیت سمیت دیگر متعلقہ امور پر بات چیت کے علاوہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستانی وزارت دفاع کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق وفود کی سطح پر دفاعی پیداوار کے منصوبوں پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ یہ منصوبے بھی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے پلیٹ فارم کے تحت ہوں گے۔
اس سے قبل منگل کی رات سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلٰی سطح وفد نے پاکستان کا دورہ مکمل کیا۔ انہوں نے وفد میں شامل دیگر وزرا کے ہمراہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات میں سکیورٹی اور سٹریٹجک تعاون کو آگے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سعودی وفد نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی پائیدار اور تزویراتی نوعیت کو اجاگر کیا اور دوطرفہ تعلقات کو جاری رکھنے کے لیے متعدد راہیں تلاش کرنے پر زور دیا۔
پاکستان اور سعودی عرب نے گذشتہ برسوں کے دوران تسلسل کے ساتھ مضبوط سٹریٹجک تعلقات کے فروغ پر کام کرتے رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان دفاع سمیت دیگر شعبوں میں مضبوط کیثرالجہتی تعلقات ہیں۔