سعودی معاون وزیر دفاع، جنرل عاصم منیر کا دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

سعودی معاون وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی کامیابیوں اور قربانیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے فوج کی خدمات کا اعتراف کیا۔

19 اپریل، 2024 کی اس تصویر میں سعودی معاون وزیر دفاع طلال بن عبداللہ العتیبی پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کے دوران(آئی ایس پی آر)

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی معاون وزیر دفاع میجر جنرل طلال بن عبداللہ العتیبی نے پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات میں دفاعی پیداوار اور فوجی تربیت سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی معاون وزیر دفاع منگل کو پاکستان پہنچے تھے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ ’میجر جنرل طلال بن عبداللہ العتیبی نے راولپنڈی میں فوج کے صدر دفتر میں پاکستان، سعودی عرب دفاعی تعاون کے پانچویں اجلاس میں بھی شرکت کی۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق ’جنرل عاصم منیر نے نے رائل سعودی لینڈ فورسز کی استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستانی فوج کی طرف سے مسلسل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔‘

بیان کے مطابق ’سعودی معاون وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی کامیابیوں اور قربانیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے فوج کی خدمات کا اعتراف کیا۔‘

پاکستان، سعودی عرب دفاعی تعاون کے اجلاس کے دوران دونوں ممالک نے عالمی اور علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجوں اور دفاعی افواج پر ان کے اثرات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ’فورم نے نوٹ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی میں تیزی سے ترقی دونوں برادر ممالک کے درمیان اہم صلاحیتوں میں دفاعی صنعتی تعاون کی ضرورت ہے۔‘

بیان کے مطابق دونوں فریقوں نے زمینی، فضائی اور سمندری حدود چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دونوں ملکوں کی دفاعی صلاحیت کو مستحکم کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’اس تناظر میں، مخصوص ٹائم لائنز کے اندر ٹھوس مقاصد کو پورا کرنے کے لیے فورم کی طرف سے ٹھوس تجاویز پر غور کیا گیا۔‘

رواں ہفتے ہی سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلی سطح کے وفد نے پاکستان کا دورہ مکمل کیا تھا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی وفد میں شامل دیگر وزرا کے ہمراہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی تھی جس میں سکیورٹی اور سٹریٹجک تعاون کو آگے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سعودی وفد نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی پائیدار اور تزویراتی نوعیت کو اجاگر کیا اور دوطرفہ تعلقات کو جاری رکھنے کے لیے متعدد راہیں تلاش کرنے پر زور دیا تھا۔

پاکستان اور سعودی عرب نے گذشتہ برسوں کے دوران تسلسل کے ساتھ مضبوط سٹریٹجک تعلقات  کے فروغ پر کام کرتے رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان دفاع سمیت دیگر شعبوں میں مضبوط کیثرالجہتی تعلقات ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان