لندن: کینیا کی اولمپک چیمپیئن نے خواتین کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

کینیا کی رنر نے ریس کا مقررہ فاصلہ دو گھنٹے، 16 منٹ اور 16 سیکنڈ میں طے کیا۔

کینیا کی پیریز جیپ چیرچیر 21 اپریل 2024 کو لندن میراتھن میں لائن عبور کرنے کے بعد (اے ایف پی/ جسٹن تالس)

اولمپک چیمپیئن پیریز جیپ چیر چیر نے سنسنی خیز لندن میراتھن جیت کر خواتین کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

کینیا کی رنر نے ریس کے اختتامی مقام دا مال پہنچنے کے ساتھ ہی آگے بڑھتے ہوئے میراتھن میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ دو گھنٹے، 16 منٹ اور 16 سیکنڈ میں طے کیا۔

میراتھن کے آخری حصے میں چار رنرز میں سخت مقابلہ رہا۔ ایتھوپیا کی تگٹ آصفہ دوسرے، جوئسیلین جیپکوسگل تیسرے اور میگریٹو ایلیمو چوتھے نمبر پر رہیں۔

اس سے قبل 2017 میں لندن میں ہونے والی خواتین کی ریس میں میری جیپکوسگی کیٹنی نے مقررہ فاصلہ دو گھنٹے 17 منٹ اور ایک سکینڈ میں طے کر کے قائم کیا۔

جپ چیر چیر کے ہم وطن رنر الیگزینڈر متیسو منیاؤ نے مردوں کی ریس جیت لی۔ 27 سالہ منیاؤ نے فتح کی لکیر کی طرف جاتے ہوئے اپنے کیریئر کی سب سے بڑی جیت پر کئی بار مٹھی بلند کر کے خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والی طویل فاصلے کی دوڑ میں حصہ لینے والے معروف ایتھلیٹ کنینیسا بیکلے کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دو گھنٹے، چار منٹ اور ایک سیکنڈ میں فائنل لائن عبور کی۔

 تین اولمپک طلائی تمغے اور متعدد عالمی ٹائٹلز کے ساتھ متاثر کن ٹریک ریکارڈ رکھنے والے 41 سالہ بیکلے دو گھنٹے چار منٹ اور 15 سیکنڈ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

برطانوی رنر ایمل کیئرز نے دو گھنٹے چھ منٹ اور 46 سیکنڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مارسل ہگ نے مردوں کی وہیل چیئر ریس میں مسلسل چوتھی بار کامیابی حاصل کی۔ ’سلور بلٹ‘ کہلانے والے سوئٹزرلینڈ کے 38 سالہ ایتھلیٹ نے ایک گھنٹہ 28 منٹ اور 33 سیکنڈ میں ریس مکمل کی۔

امریکہ کے ڈینیئل رومانچک اپنی مسلسل 25 ویں لندن میراتھن میں دوسرے اور برطانیہ کے ڈیوڈ ویر تیسرے نمبر پر رہے۔

44 سالہ ویر نے کہا: ’کنڈیشنز بہت سخت تھیں۔ بہت تیز ہوائیں چل رہی تھیں لیکن میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں۔ مارسل کے ساتھ 20 میل تک دوڑتا رہا۔ یہ اس کورس پر میری بہترین دوڑوں میں سے ایک تھی۔ ان میں سے کچھ رنر مجھ سے 10 یا 20 سال چھوٹے ہیں، لیکن میں نے اپنے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ میں واپس آؤں گا اور پہلی تین پوزیشنوں میں سے ایک لوں گا۔‘

سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی وہیل چیئر ریسر کیتھرین ڈیبرنر نے خواتین کی وہیل چیئر ریس میں نمایاں فرق سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اپنی قریب ترین حریف سے پانچ منٹ قبل ریس مکمل کی۔

29 سالہ ڈیبرنر نے اس سے قبل 2022 میں ریس جیت کر کورس ریکارڈ توڑا۔ سوئٹزرلینڈ کی ایک اور ریسر مینوئلا شر دوسرے نمبر پر رہیںاس طرح پہلی اور دوسری پوزیشن سوئٹزلینڈ کے حصے میں آئی۔ دوڑ میں امریکی ریسر تتیانا میک فیڈن تیسرے نمبر پر رہیں۔ برطانوی رنرز میں ایڈن رین بو ٹاپ پر رہے۔ انہوں نے مجموعی طور پر چھٹی پوزیشن حاصل کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین