پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر منگل کو اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل سے نکلتے ہوئے نامعلوم افراد نے حملہ کیا جس میں وہ زخمی ہو گئے ہیں۔
رؤف حسن نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے اس واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں اور طبی امداد کے لیے ہسپتال میں موجود ہیں۔
انہوں نے اس واقعے کی مختصر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’میں چینل سے نکل کر اپنی گاڑی کی طرف جا رہا تھا جب چاروں طرف سے افراد آئے۔‘
رؤف حسن اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون میں ایک نجی ٹی وی چینل کی عمارت سے باہر نکل رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رؤف حسن پر ہونے والے حملے سے متعلق اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہ کہ رؤف حسن کو نجی ٹی وی کے دفتر کے باہر بلیڈ مارا گیا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے ترجمان اسلام آباد پولیس جواد تقی نے بتایا کہ’ عینی شاہدین کے مطابق رؤف حسن کو خواجہ سراؤں نے چہرے پر بلیڈ مارا۔ ‘
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس موقع پر موجود ہے شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔
انہوں مزید کہا کہ’ جن خواجہ سراؤں نے یہ کام کیا ہے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ‘
اس واقعے کے فوراً بعد ہی سینیٹ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے مطالبہ کیا کہ وزیر داخلہ ایوان میں آ کر رؤف حسن پر ہونے والے حملے کے بارے میں بتائیں۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹ کو آگاہ کیا کہ وزیر داخلہ ایوان میں موجود نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’وزیر داخلہ یا آئی جی اسلام آباد سے بات کر کے ایوان کو آگاہ کرتا ہوں۔‘
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پی ٹی آئی ارکان کو کہا کہ ’آپ ایف آئی آر درج کروائیں قانون کے مطابق عمل ہوگا۔‘