51 ہزار پاکستانی حجاج سعودی عرب پہنچ گئے، ہیٹ ویو میں احتیاط کا مشورہ

پاکستانی وزارت جج نے بتایا کہ اس سال حج جون کے گرم ترین دنوں میں ہونے جا رہا ہے اس لیے عازمین کو  ہدایات دی گئی ہیں ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے وہ تمام احتیاطی تدابیر کریں۔

پاکستان کی وزارت حج نے جمعرات کو بتایا کہ اب تک 51 ہزار سے زائد پاکستانی حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

رواں برس دنیا بھر سے 20 لاکھ  سے زائد عازمین حج بشمول 179,210 پاکستانی حج ادا کریں گے۔

پاکستانی وزارت حج کے ترجمان عمر بٹ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ جمعرات تک ’170 پروازوں سے 41 ہزار 477 سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین حج سعودی عرب پہنچے ہیں جبکہ نجی حج سکیم کے تحت ساڑھے 10 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ آئندہ 10 دنوں میں مزید 28 ہزار 628 سرکاری عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔

’اس سال پاکستان حج مشن 70 ہزار 105 سرکاری عازمین حج اور 80 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین کی میزبانی کرے گا۔ یکم جون تک براہ راست مدینہ منورہ آنے والے تمام عازمین مکہ مکرمہ پہنچ جائیں گے۔‘

انہوں نے بتایا کہ سعودی حکام کے خصوصی تعاون سے مدینہ منورہ میں 30 ہزار 900 عازمین حج کو زیارت ریاض الجنہ  کروا دی گئی ہے۔

’موبائل ایپ پاک حج، دو ٹال فری ہیلپ لائنز اور چار واٹس ایپ نمبرز کے ذریعے عازمینِ حج کی شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔ حرمین میں دو مرکزی ہسپتال اور درجن بھر ڈسپنسریوں کے ذریعے 282 ڈاکٹرز اور طبی عملہ طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔‘

وزارت حج کے مطابق عازمین حج کی سفری اور رہائشی سہولیات بشمول خوراک کی فراہمی کے لیے پاکستانی سول اور یونیفارم افسران و عملہ  پر  مشتمل 390 معاونین کام کر رہے ہیں۔

جبکہ وزارت مذہبی امور کے 131 افسران و معاون عملہ مین کنٹرول آفس، مدینہ اور جدہ ایئرپورٹس، شعبہ گمشدگی و بازیابی، مدینہ ڈیپارچر سیل، مانیٹرنگ سیل، اکاونٹس و انتظامیہ کے معاملات  دیکھ رہے ہیں۔

ہیٹ ویو

ترجمان پاکستانی وزارت حج نے کہا کہ اس سال حج کے مناسک 14 سے 19 جون کے درمیان ہونے کی توقع ہے اور اس دوران خطے میں شدید گرمی کے پیش نظر عازمین حج کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے تمام احتاطی تدابیر کریں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’اس سال حج جون کی ان تاریخوں میں آ رہا ہے جو گرم ترین دن ہوتے ہیں۔ اس لیے عازمین سے کہا جا رہا ہے کہ وہ دھوپ کے دوران باہر نکلتے ہوئے چھتری کا استعمال کریں، زیادہ پانی کا استعمال کریں اور پانی کے چھڑکاؤ کی بوتلیں اپنے ساتھ رکھیں۔‘

عمر بٹ نے بتایا کہ حج کے پانچ ایام جس دوران عازمین کو ہوٹلوں میں نہیں بلکہ منیٰ میں خمیوں میں رہنا ہوتا ہے اس کے لیے عازمین کو کہا جا رہا ہے کہ خود کو جسمانی طور پر تیار رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی حکومت نے بھی عازمین کے لیے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے ججاج کی سہولت کے لیے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں ’خاص طور پر جس طرح جج انتظامات کو ڈیجٹیلائز کیا ہے اس سے بہت سہولت ہوئی ہے۔‘

روڈ ٹو مکہ منصوبے کی کراچی تک توسیع

مکہ روٹ انیشی ایٹو جسے عمومی طور پر (روڈ ٹو مکہ) کے نام سے جانا جاتا ہے، کا مقصد دنیا بھر سے عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت عازمین کو پاکستان ہی سے امیگریشن اور کسٹم کلیئرنس کی سہولت فراہم کر دی جاتی ہے اور حجاج کو سعودی عرب پہنچنے پر ان مراحل سے نہیں گزرنا پڑتا۔

روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی سہولت 2019 سے صرف پاکستان کے اسلام آباد ایئرپورٹ پر دستیاب تھی لیکن اس سال کراچی کے ہوائی اڈے پر یہ سہولت فراہم کر دی گئی۔

روڈ ٹو مکہ مملکت کے ویژن 2030 منصوبے کے ایک حصے کے طور پر شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد سعودی عرب پہنچنے پر طویل امیگریشن اور کسٹم کی چیکنگ اور ہوائی اڈوں پر عازمین کے  انتظار کے وقت میں نمایاں طور لانا تھا۔

پاکستانی وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے انڈپینڈنٹ اردو کا بتایا کہ اس سال کراچی سے جو پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچے ان کی امیگریشن کا عمل آسانی اور کچھ منٹوں ہی میں مکمل ہو گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان