ٹیلی ویژن کی تاریخ کے مشہور ترین افسانوی ڈرامے ’گیم آف تھرونز‘ نے ایک بار پھر بہترین ڈرامے کا ایمی ایوارڈ جیت لیا جبکہ کامیڈی سیریز ’فِلی بیگ‘ (Fleabag)نے کامیڈی کی کیٹیگری میں ایوارڈ اپنے نام کیا۔
امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد ہونے والی ستاروں سے بھری اس تقریب میں ’گیم آف تھرونز‘ نے اپنے آخری سیزن میں بھی مجموعی طور پر 12 ایوارڈز حاصل کیے۔
گیم آف تھرونز میں ٹیرین لینسٹر کا کردار نبھانے والے پیٹر ڈنکلیج چوتھی بار بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پیٹر ڈنکلیج نے اس موقع پر کہا: ’میں خوش قسمت ہوں کہ ایسی کمیونٹی کا حصہ ہوں جہاں برداشت اور برابری کے سوا کچھ نہیں۔ کہیں اور ہوتا تو میں اس سٹیج پر نہ پہنچ پاتا۔‘
برطانوی کامیڈی ٹی وی شو ’فِلی بیگ‘ کو بہترین مزاحیہ ڈرامے کا ایوارڈ ملا اور اسی شو کی اداکارہ فیبی والر برج کو بہترین کامیڈی اداکارہ قرار دیا گیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا: ’مجھے اداکاری بہت مشکل اور تکلیف دہ لگتی ہے۔ اتنی بہترین اداکاراؤں کے ساتھ نامزد کرنے کا شکریہ، جن کو دیکھ کر میں اداکاری کرتی تھی اور لطف اندوز ہوتی تھی۔‘
ایک اور برطانوی ٹی وی شو ’کِلنگ اِیو‘ (Killing Eve) کی اداکارہ جوڈی کُمر بھی ایمی ایوارڈ کی حقدار قرار پائیں جبکہ اداکار بلی پوٹر نے ’پوز‘ کے لیے بہترین ڈرامہ اداکار کا ایمی ایوارڈ جیتا۔
بلی پوٹر کا کہنا تھا: ’ہم وہ لوگ ہیں جو لوگوں کے دل ودماغ کو تبدیل کر سکتے ہیں۔ لوگوں کو سچ بتانا مت چھوڑیں۔کام کرتے رہیں۔‘
تاہم اس ایوارڈ تقریب میں روایتی نیٹ ورکس بمقابلہ نئے پلیٹ فارم کی لڑائی میں ایچ بی او نیٹ فلکس پر حاوی رہا۔