اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پیر کو برطانوی ہائی کمیشن کی ایک خاتون اہلکار کی گاڑی پولیس اہلکار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس ترجمان جواد تقی نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ زخمی اہلکار اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ’پولیس کانسٹیبل امیر داد اپنی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد موٹرسائیکل پر واپس اپنی رہائش گاہ کی جانب جا رہے تھے کہ برطانوی ہائی کمیشن کی خاتون اہلکار کی گاڑی موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ حادثہ اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کے سامنے پیش آیا۔
اس حوالے سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ان کے ایک اہلکار کو سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمارے عملے میں شامل ایک اہلکار کو سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’انہوں نے (عملے) تمام ضروری قواعد پر عمل کیا اور ہم مقامی حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔‘
اسلام آباد پولیس کی جانب سے زخمی اہلکار کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ’آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے احکامات کی روشنی میں ایس پی ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ محمد طاہر نے روڈ ایکسیڈنٹ میں زخمی ہونے والے کانسٹیبل امیر داد کی ہسپتال میں عیادت کی۔‘