بالی وڈ کی گلوکارہ الکا یاگنک، جن کی سریلی آواز نے دہائیوں سے پاکستان سمیت پورے برصغیر کو مسحور کیا ہے، نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے متعلق پریشان کن خبر سے مداحوں کو آگاہ کیا۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’میں اپنے تمام چاہنے والوں، دوستوں اور فالوورز کو بتانا چاہتی ہوں کہ چند ہفتے قبل، جب میں اپنی فلائٹ سے باہر آئی تو مجھے اچانک محسوس ہوا کہ مجھے کم سُنائی دے رہا ہے لیکن اس واقعے کے چند دن بعد میں کچھ بھی سُننے کے قابل نہیں تھی۔‘
انڈین گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ قوتِ سماعت سے محروم ہوگئی ہیں اور اس بیماری کا علاج جاری ہے۔
گلوکارہ نے کہا کہ ’میں یہاں یہ سب اس لیے بتا رہی ہوں کیونکہ میرے مداح اور دوست فکر مند تھے کہ میں اتنے دن سے ٹی وی سکرین سے غائب ہوں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے بتایا کہ ’ڈاکٹروں کے معائنے کے بعد انہوں نے مجھ میں قوت سماعت سے محرومی کی تشخیص کی۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ براہ کرم مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔‘
انہوں نے اپنے مداحوں اور نئے فنکاروں کو بلند آواز میں موسیقی سننے اور ہیڈ فون استعمال کرنے سے بچنے کی تلقین بھی کی ہے۔
ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ وہ جلد ہی اپنی صحت کے بارے میں اور بھی بتانا چاہتی ہیں تاکہ آنے والے فنکار اس سے سبق سیکھ سکیں۔
الکا یاگنک کی یہ خبر ان کے لاکھوں مداحوں کے لیے بھی پریشانی کا باعث بنی ہے، سبھی ان کی صحت اور جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔