ٹیلی نار پاکستان کے حصول کے لیے پی ٹی سی ایل کا 40 کروڑ ڈالر کا قرض منظور

پی ٹی سی ایل (پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ) نے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز پرائیویٹ لمیٹڈ کے حصول کے لیے 400 ملین ڈالر تک کے قرضے کے حصول کے لیے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی زیر قیادت کنسورشیم کے ساتھ باضابطہ معاہدے پر دستخط کر لیے ہیں۔

(روئٹرز)

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز پرائیویٹ لمیٹڈ (ٹی پی ایل) کے حصول کے لیے عالمی بینک کے رکن انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) سے 40 کروڑ ڈالر تک کا قرض حاصل کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔

جمعے کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ’اپریل 2024 میں آئی ایف سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے فنانسنگ ڈیل کی منظوری کے بعد یہ ٹیلی نار پاکستان کے حصول کے عمل میں ایک اہم سنگ میل ہے۔‘

پی ٹی سی ایل نے گذشتہ دسمبر میں ٹیلی نار کے ساتھ حصص کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کمپنی نے ٹیلی نار پاکستان کے 100 فیصد حصص 108 ارب روپے کے عوض  کیش فری اور ڈیٹ فری بنیادوں پر حاصل کیے تھے۔

’آئی ایف سی کی زیر قیادت کنسورشیم، جس میں سلک روڈ فنڈ اور برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ پی ایل سی شامل ہیں، نے اب پی ٹی سی ایل کو سات سالہ مدت کے لیے 40 کروڑ ڈالر  کے قرضے کی فراہمی کی باضابطہ منظوری دی ہے۔‘

بیان میں کہا گیا: ’قرضے کی واپسی سہ ماہی اقساط میں کی جائے گی، جب کہ معاہدے میں ایک سالہ رعایتی مدت بھی شامل ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی ایف سی کنسورشیم کی جانب سے اس منصوبے کی فنانسنگ ادارے کی جانب سے پاکستان میں ڈیجیٹل کنکٹویٹی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کے دیرینہ عزم کا تسلسل ہے۔

اس پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل اور یوفون فور جی کے صدر اور گروپ سی ای او حاتم بامطرف کا کہنا تھا، ’ہم اس فنانسنگ معاہدے کی تکمیل پر بہت پُرجوش  ہیں، کیونکہ ہم پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں ایک اہم سنگ میل کے حصول کے مزید قریب پہنچ رہے ہیں۔

’ہم ضروری ریگولیٹری منظوریوں کے بعد ٹیلی نار پاکستان کے حصول کا عمل مکمل ہوتے ہی ایک نئے عزم کے ساتھ صارفین کی ایک بڑی تعداد کی خدمت کرنے کے منتظر ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی