اننت امبانی کی شادی میں مشہور شخصیات مہمان ہوں گی

عالمی مالیاتی سروس بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق کئی ماہ سے جاری اننت امبانی کی شادی جمعہ کو ختم ہو رہی ہے اور اختتامی تقریب میں بورس جانسن، ٹونی بلیئر، ہلیری کلنٹن، کم اور کلوئی کارڈیشین اور مائیک ٹائسن شامل ہوں گے۔

آرٹسٹ جگجوت سنگھ روبل 10 جولائی 2024 کو امرتسر میں رادھیکا مرچنٹ اور اننت امبانی کی تصویریں پینٹ کر رہے ہیں (اے ایف پی)

ایشیا کے امیر ترین شخصیت کے بیٹے اننت امبانی جمعے کو اپنی دیرینہ گرل فرینڈ رادھیکا مرچنٹ سے شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کئی ماہ سے جاری شادی کی تقریبات اختتام کو پہنچ جائیں گی۔

شادی کی تقریب میں تقریباً 1200 افراد شرکت کریں گے جن میں بالی ووڈ، سلیکون ویلی کے ٹائیکون اور یہاں تک کہ سابق عالمی رہنما بھی شامل ہیں۔

عالمی مالیاتی سروس بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق بورس جانسن، ٹونی بلیئر، ہلیری کلنٹن، کم اور کلوئی کارڈیشین اور مائیک ٹائسن مہمانوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

سام سنگ الیکٹرانکس کے سربراہ جے لی، سعودی تیل کمپنی آرامکو کے امین ناصر، لاک ہیڈ مارٹن کے جم ٹیکلٹ اور فیفا کے سربراہ جیانی انفنٹینو کے علاوہ ایشیا کے دوسرے امیر ترین شخص گوتم اڈانی بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

بلوم برگ کے ارب پتی انڈیکس کے مطابق 29 سالہ اننت امبانی فارچیون میگزین کی منتخب کردہ پانچ سو کمپنیوں میں شامل کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے ہیں۔ مکیش امبانی کی کل دولت کی مالیت کا تخمینہ 113 ارب ڈالر (89.53 ارب پاؤنڈ) ہے۔

ریلائنس گروپ تیل صاف کرنے کے کارخانوں اور تیل کی مارکیٹنگ، کیمیکلز، آرگنائزڈ ریٹیل، ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل سٹریمنگ سروسز میں مفادات رکھتا ہے۔

مکیش امبانی کی اہلیہ نیتا ہیں۔ ان کے جڑواں بچوں ایشا اور آکاش اور اننت سمیت تین بچے ہیں۔ سب بچے والد کے کاروباروں کو سنبھالتے ہیں۔

اننت امبانی کی گرل فرینڈ 29 سالہ رادھیکا مرچنٹ فارماسوٹیکل ٹائیکون ویرن مرچنٹ کی بیٹی ہیں۔ وہ اپنے والد کی کمپنی اینکور ہیلتھ کیئر کے بورڈ میں خدمات انجام دیتی ہیں۔

شادی کی تقریبات، جو تقریباً چار ماہ قبل شروع ہوئی تھیں، ایک ایسی تقریب پر اختتام پذیر ہو رہی ہیں جس نے قومی اور بین الاقوامی میڈیا دونوں کی بھرپور توجہ حاصل کی ہے۔

شادی کی تقریبات کا آغاز مارچ میں مغربی بھارتی ریاست گجرات میں مکیش امبانی کے آبائی شہر جام نگر میں شادی سے قبل کی تین روزہ تقریبات سے ہوا تھا۔ اس وقت مہمانوں میں مارک زکربرگ، بل گیٹس، بھوٹان کے بادشاہ اور ملکہ، ایوانکا ٹرمپ اور کئی عالمی رہنما شامل تھے۔

ان تقریبات کے لیے شیشے کا ایک خصوصی محل تعمیر کیا گیا تھا جس میں ساڑھے پانچ ہزار ڈرونز کی مدد سے لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں گلوکارہ ریحانہ، دلجیت دوسانجھ اور ایکون نے فن کا مظاہرہ کیا۔

مئی میں شادی سے قبل کی دوسری تقریب میں امبانی خاندان تقریباً 800 مہمانوں کو اٹلی سے فرانس بحیرہ روم کی چار روزہ سیر پر لے گیا۔ تفریح کے لیے امریکی بینڈ بیک سٹریٹ بوائز، گلوکارہ کیٹی پیری اور اوپرا سٹار اینڈریا بوسیلی کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔

اگرچہ میڈیا کی اس شاندار جشن میں گہری دلچسپی ہے لیکن تقریبات کی وجہ سے ہونے والی تکلیف پر امبانی خاندان کو ہر قدم پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انڈین حکومت نے امبانی خاندان کے مہمانوں کے نجی جیٹ طیاروں کو اترنے میں سہولت دینے کے لیے جام نگر ہوائی اڈے کو عارضی طور پر اپ گریڈ کیا۔ انڈین فضائیہ کی حساس تنصیب کو شادی کی تقریب کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی اور اس ضمن میں سرکاری پیسہ خرچ کیا گیا۔ اس تمام صورت حال پر غصے کا اظہار کیا گیا۔

اٹلی کے علاقوں پورٹوفینو اور جنووا کے مکینوں، سیاحوں اور مقامی کاروباری اداروں نے اس وقت غصے کا اظہار کیا جب کروز پارٹی کے لیے شہروں کو بند کر دیا گیا۔ خلیج کے قریب رہنے والے لوگ بلند آواز میں موسیقی کی وجہ سے سونے سے قاصر رہے۔

ممبئی میں شادی کی اختتامی تقریبات نے انڈیا کے معاشی سرگرمیوں کے مرکز میں صورت حال خراب کردی ہے۔ پولیس نے 12 جولائی سے 15 جولائی تک ممبئی کے مرکزی کاروباری علاقے میں واقع شادی کے مقام کے آس پاس گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امبانی کے ریلائنس گروپ کی ملکیت شادی کا مقام جیو ورلڈ کنونشن سینٹر صرف وہاں جانے والی کاروں کے لیے کھلا رہے گا۔ اس صورت حال نے ایک ایسے شہر کے رہائشیوں کو پریشان کر دیا ہے جو اپنی مصروف ٹریفک کی وجہ سے بدنام ہے۔ شہر میں ہونے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے صورت حال مزید خراب ہو گئی ہے۔

فائنینشل اخبار’دا منٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق تجارتی مرکز باندرہ کرلا کمپلیکس کے متعدد دفاتر نے ملازمین کو 15 جولائی تک گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کمپلیکس میں انڈیا کا سب سے بڑا سٹاک ایکسچینج، مارکیٹ ریگولیٹر اور متعدد بین الاقوامی بینک واقع ہیں۔

شادی کی تازہ ترین تقریبات کا آغاز گذشتہ ہفتے ہوا۔ جسٹن بیبر نے موسیقی کی روایتی تقریب میں جوڑے کے دوستوں اور اہل خانہ کے لیے پرفارم کیا۔

بیبر نے ممبئی میں واقع نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر میں اپنا 2015 کا ہٹ گانا ’لو یورسیلف‘ اور 2017 کے گانا ’آئی ایم دا ون‘ گایا۔ ڈی جے خالد نے ان کا ساتھ دیا۔ افواہیں ہیں کہ بیبر کو اس نجی تقریب کے لیے ایک کروڑ ڈالر ادا کیے گئے تھے۔

جمعے کو شادی کی تقریب روایتی ہندو رسم و رواج کے مطابق ہو رہی ہے۔ استقبالیہ تقریب دو دن پر محیط ہوگی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایئر چارٹر کمپنی کلب ون ایئر کے سی ای او راجن مہرا نے کہا کہ امبانی خاندان نے مہمانوں کے لیے ان کی کمپنی کے فالکن 2000 جیٹ طیاروں میں سے تین کی خدمات حاصل کی ہیں اور توقع ہے کہ اس تقریب کے لیے ایک سو سے زیادہ نجی طیارے استعمال کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مہمان ہر جگہ سے آ رہے ہیں اور طیارے کو ملک بھر میں کئی پروازیں کرنی ہوں گے۔‘

انڈیا کے چوٹی کے ڈیزائنرز میں سے ایک منیش ملہوترا کو شادی کا ڈیزائنر مقرر کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ دولہا کی ماں نیتا امبانی کے ساتھ مل کر شادی کے لیے خاندان کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا: ’سجاوٹ اور کھانوں سے لے کر لباس اور ماحول، موسیقی کی تقریب سے لے کر شادی کے دن اور شاندار استقبالیہ تقریب تک، ہر تقریب کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ مہمان مسرت، محبت اور جشن کے ماحول سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوں۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا