ڈی آئی خان: اقوام متحدہ کی گاڑی پر حملہ، عملہ محفوظ رہا 

ڈی آئی خان پولیس کنٹرول روم کے اہلکار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ گاڑی پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ 

26 اپریل 2021 کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پونچھ میں ایک اقوام متحدہ کی فوجی مبصرین کی گاڑی گزرتے ہوئے۔ ڈی آئی خان میں یو این کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی (عامر قریشی/ اے ایف پی)

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں منگل کو پولیس کے مطابق اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی ہے لیکن گاڑی میں تمام عملہ محفوظ رہا۔

یہ واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ کلاچی بگھوال کی حدود میں پیش آیا ہے۔

ڈی آئی خان پولیس کنٹرول روم کے اہلکار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ گاڑی پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ واقعہ ڈی آئی خان اور ضلع ٹانک کی سرحد پر پیش آیا ہے۔

ضلع ٹانک کے پولیس سربراہ عبدالسلام خالد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’واقعہ ڈئی آئی خان کی حدود میں پیش آیا ہے لیکن چونکہ حملہ ضلع ٹانک کے بارڈر پر ہوا تھا تو ہماری ٹیم بھی وہاں پر موجود تھی۔‘

انہوں نے بتایا، ’تمام عملے کو ہماری ٹیم کی جانب سے ریسکیو کیا گیا ہے اور اب محفوظ ہے۔’‘

تھانہ کلاچی بھگوال کے محرر محمد نعمان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے، وہاں امن و امان کی صورت حال مخدوش رہتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ گاڑی وہاں پر کس مقصد کے لیے گئی تھی لیکن گاڑی میں عملہ محفوظ رہا ہے جبکہ گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔

واقعے کی ذمہ داری ابھی تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے منگل کو جاری ایک بیان میں حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان