لاہور میں جرمن سائیکلسٹ کو مسلح افراد نے لوٹ لیا، مقدمہ درج

پولیس کے مطابق: ’ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع کی مدد سے ٹریس کیا جا رہا ہے۔ ملکی ساکھ خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘

متاثرہ جرمن شہری برگ فلورین نے پولیس کو بتایا کہ ڈاکو ان کا موبائل، نقدی اور پانچ لاکھ پاکستانی روپے مالیت کا کیمرہ لے کر فرار ہوگئے (لاہور پولیس)

لاہور پولیس نے ہفتے کو کہا ہے کہ تھانہ شمالی چھاؤنی کی حدود میں جرمنی سے پاکستان آئے ایک سائیکل سوار سیاح کو آج مسلح افراد نے لوٹ لیا، جس کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کینٹ اویس شفیق کے مطابق برگ فلورین نامی 27 سالہ جرمن سیاح ایئرپورٹ کے قریب کیمپنگ کر رہے تھے کہ اچانک دو مسلح افراد نے آکر انہیں مارنا پیٹنا شروع کر دیا، جس کی درخواست انہوں نے تھانہ شمالی چھاؤنی میں جمع کروائی۔

متاثرہ جرمن شہری نے پولیس کو بتایا کہ مسلح افراد ان کا موبائل، نقدی اور پانچ لاکھ پاکستانی روپے مالیت کا کیمرہ لے کر فرار ہو گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے جرمن سیاح کو فوری طور پر رینجرز ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

ایس پی کینٹ اویس شفیق نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع کی مدد سے ٹریس کیا جا رہا ہے۔ ملکی ساکھ خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ جرمن شہری کی مدعیت میں دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور ایس ڈی پی نارتھ کینٹ کی سربراہی میں ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔‘

ایس پی کینٹ کے مطابق: ’متاثرہ شہری دو دن پہلے ہی خیبر پختونخوا سے سائیکل پر لاہور پہنچے تھے۔‘

جرمن سیاح کے پاس جرمنی کا پاسپورٹ، پاکستانی ویزہ اور دیگر ضروری دستاویزات بھی موجود ہیں۔

پاکستانی قوانین کے مطابق کسی بھی غیر ملکی سیاح کو ضروری دستاویزات مکمل ہونے پر ملکی حدود میں داخلے کی اجازت دی جاتی ہے اور اس کے بعد جس شہر میں جانا ہوتا ہے، وہاں کے پولیس حکام کو لازمی اطلاع دینی ہوتی ہے، جس کے بعد پولیس غیر ملکی سیاحوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرتی ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ سیاح نے لاہور پولیس کو کوئی اطلاع نہیں دی، وہ اپنے طور پر سیر وتفریح کر رہے تھے اور سڑک کنارے کیمپ لگا کر سو رہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آ گیا۔

جرمن سیاح سے واردات پر ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز محمد فیصل کامران نے ایس پی کینٹ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان